ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج کانگریس کا ریاست گیر احتجاج
نریندرمودی حکومت کے کرشمے سے پٹرول وڈیژل مہنگا ہوا ہے: بالاصاحب تھورات
ممبئی: مرکز کی نریندر مودی حکومت گزشتہ ۷ جون سے ہر روز پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو لوٹ رہی ہے۔ ایسے وقت میں جب کہ ملک شدید بحران کا شکار ہے، مودی حکومت غیرمنصفانہ طور پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کرکے منافع کما رہی ہے۔وہ کے خلاف کانگریس پارٹی پیر یعنی کہ آج ریاست گیر احتجاج کے ذریعے قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کرنے والی ہے۔ میں خود پونے میں ہونے والے احتجاج میں شریک ہوونگا۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اوروزیربرائے محصول بالاصاحب تھورات نے دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پٹرول وڈیژل کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کی وجہ سے پٹرول کی قیمت میں 9.12 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 11.01 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہوا ہے، لہذا ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 87-88 روپے ہے۔ دہلی میں تو ڈیزل پٹرول سے زیادہ مہنگا ہے۔ اگر قیمتوں میں اضافہ اسی طرح جاری رہا تو پٹرول کو 100 روپے فی لیٹر تک پہنچنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت انتہائی کم ہونے کے باوجود مودی حکومت اس کا فائدہ عوام کو نہیں ہونے دے رہی ہے۔بالاصاحب تھورات نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے لوگوں کے روزگارچھن گئے ہیں، لوگوں نے اپنی ملازمتیں کھودی ہیں، کاروبار ابھی تک مکمل طو رپر پٹری پر نہیں آیا ہے،ایسی صورت حال میں قیمتوں میں یہ اضافہ عوام کے ساتھ سخت ناانصافی ہے۔ اس کے خلاف پیر 29جون کو تمام ضلعی ہیڈکوارٹر پر صبح 10بجے سے 12بجے تک دو گھنٹے مظاہرہ کیا جائے گا اور قیمتوں میں اس اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر صدرجمہوریہ کے نام ایک میمورنڈم دیا جائے گا۔ اس کے بعد اس احتجاجی تحریک کا دوسرے مرحلے میں 30جون سے 4جولائی تک بلاک وتعلقہ سطح پر احتجاج ومظاہرہ کیا جائے۔
تھورات نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی زیرقیادت والی یو پی اے حکومت کے دوران خام تیل کی بین الاقوامی قیمت فی بیرل 164ڈالر ہونے کے باوجود اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ اس کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے جس کے لیے پٹرول وڈیژل کی قیمتیں مستحکم رکھی گئیں۔ 2014 میں پٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی 9.40 روپے تھی اور ڈیزل پر یہ 3.56 روپے تھی۔ مرکز کی بی جے پی حکومت نے اس نرخ میں اضافہ کرتے ہوئے پٹرول پر 32.98 روپے اور ڈیزل پر31.83 روپے ایکسائز ڈیوٹی بڑھا دیا ہے۔اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کرکے نفع خوری بند کی جائے قیمتوں میں یہ اضافہ فوری طور پر واپس لیتے ہوئے عام آدمی کو راحت دی جائے۔
ریاستی صدر نے مزید بتایا کہ اس مظاہرے میں شرکت کرنے کے لیے سماجی فاصلے کوبرقرار رکھنے کی سخت تاکید کی گئی ہے نیز اسی دن سوشل میڈیا پر آن لائن مہم#SpeakuponPetroleumPrices نامی آن لائن مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور طور پر شریک ہوں۔