کورونا کے بڑھتے معاملات تشویشناک۔حیدرآباد میں ایک اور لاک ڈاون!

downloadحیدرآباد 28جون(یواین آئی) حیدرآباد میں پھر ایک مرتبہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے تلنگانہ حکومت غور کررہی ہے۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو اس سلسلے میں آئندہ تین چار دن میں حتمی فیصلہ لینے والے ہیں۔اپنی سرکاری قیام گاہ پرگتی بھون میں ایک اعلی سطحی اجلاس میں وزیراعلی نے عہدیداروں سے گریٹر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے پھیلاو کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے راے لی کہ حیدرآباد میں پھر ایک مرتبہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر وائرس کو قابو میں لایا جا سکتا ہے جس پر عہدیداروں نے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی سفارش کی۔

بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن دو ہفتوں کے لئے ہوسکتا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ اگرچہ کہ کورونا وائرس کے کئی معاملات درج کئے جارہے ہیں لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ ریاستی حکومت نے تمام کو مناسب طبی امداد کی فراہمی کے انتظامات کررہی ہے۔انہوں نے کوویڈ19کی موجودہ صورتحال اورحکام کی جانب سے اس کو روکنے کے اقدامات،مریضوں کا علاج اور مستقبل کی حکمت عملی کا بھی جائزہ کیا۔وزیرصحت ای راجندر نے وزیراعلی کو موجودہ صورتحال سے واقف کروایا۔اندرون تین تا چار دن صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی کابینہ اس لاک ڈاون کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔وزیرصحت نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔اسی طرح تلنگانہ میں بھی اس کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ قومی اوسط کے برخلاف تلنگانہ میں اس وائرس سے اموات کم ہوئی ہیں۔

اس تعلق سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت اس وائرس سے مثبت پائے جانے والوں کو ضروری طبی امداد فراہم کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے سرکاری اسپتالوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اسپتالوں میں ہزاروں بستر تیار رکھے ہیں۔تشویشناک حالت والے مریضوں کا اسپتالوں میں علاج کیاجائے گا۔اس وبا کی علامات نہ ہونے والوں کا گھر پر ہی ٹیلی فون کے ذریعہ علاج کیاجائے گا۔اسپیشل سکریٹری محکمہ صحت شانتاکماری کی جانب سے حال ہی میں حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس وائرس سے کم اموات ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اموات کا قومی اوسط 3.04رہا ہے جبکہ تلنگانہ میں یہ اوسط 1.52رہا ہے۔تلنگانہ میں بڑے پیمانہ پر جانچ کا کام کیاجارہا ہے اور مثبت پائے جانے والے افراد کو علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔اس موقع پر گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی)حدود میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کا تفصیلی ذکر کیاگیا۔وزیرصحت ای راجندر نے کہاکہ ڈاکٹرس اور طبی پیشہ ور،جی ایچ ایم سی حدود میں اس کے پھیلاو کوروکنے کے لئے مزید 15دن کے لاک ڈاون کا مطالبہ کررہے ہیں۔اس اجلاس میں کہاگیا کہ حیدرآباد ایک بڑا شہر ہے جہاں کی کافی آبادی ہے۔لاک ڈاون میں نرمی کے بعد لوگوں کی نقل وحرکت میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں وائرس کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔اسی طرح کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے تمل ناڈو کے دارالحکومت چینئی میں ایک مرتبہ پھر لاک ڈاون نافذ کردیاگیا ہے۔ملک کے دیگر شہروں میں بھی دوبارہ لاک ڈاون کے نفاذ پر غور کیاجارہا ہے۔حیدرآباد میں 15دن کے لئے لاک ڈاون نافذ کیاجاسکتا ہے تاہم لاک ڈاون کا نفاذ ایک بڑافیصلہ ہوگا۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے کہا کہ وہ اندرون دو تا تین دن لاک ڈاون کے نفاذ کے سلسلہ میں غور کریں گے۔انہوں نے کہاکہ تمام متبادل بشمول اندرون تین تا چار دن کابینہ کے اجلاس کی طلبی کی بھی تجویز ہے تاکہ جی ایچ ایم سی حدود میں ایک مرتبہ پھر لاک ڈاون نافذ کیاجاسکے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading