MPCC Urdu News 28 July 23

کیا دہلی کے ’آقا‘ کے لیے اسمبلی اجلاس کو دن دن تک موقوف رکھا گیا ہے؟: ناناپٹولے

ریاستی حکومت عوام کے سوالوں پر اندھی اور بہری ہے،حزبِ اختلاف حکومت کو جگائے گا

منی پور وکے اقعہ کی سی بی آئی انکوائری سے کچھ حاصل نہیں ہوگا

ممبئی:مہاراشٹر اسمبلی کے مانسون اجلاس میں پیر اور منگل کو چھٹی دی گئی ہے۔ دو دن اجلاس بند کرنے کے پیچھے حکومت کی کیا منشاء ہے۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آنے والے دنوں میں کون سا زلزلہ آنے والا ہے یا کونسا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ دہلی سے ان کے ’آقا‘ ایک پروگرام کے لیے پونے آرہے ہیں۔ کیا اسی لیے اجلاس دو دن کے لیے بند ہوا ہے؟ یہ سوال مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔

اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں پیر اور منگل کو دو دن چھٹی دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے، لیکن اس فیصلے کے پیچھے کی صحیح معلومات نہیں ملی ہے۔پٹولے نے کہا کہ آج ریاست کے لوگوں کے سامنے کئی مسائل ہیں جن پر ایوان میں بحث ضروری ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے آج ریاست کے سامنے ایک بڑا بحران کھڑا ہو گیا ہے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ ریاستی حکومت کو عوام کی فکر سے زیادہ دہلی سے آنے والے’آقا‘ کے استقبال کی فکر ہے۔ کانگریس لیڈران نے مطالبہ کیا ہے کہ اجلاس پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق چلایا جائے۔

عوام کے مسائل کے تئیں ریاستی حکومت اندھی اور بہری ہوگئی ہے

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ناگپور میں ایک ہی دن میں چار لوگوں کو دن دہاڑے مار دیا گیا۔ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ دیویندر فڈنویس کا تعلق ناگپور سے ہے۔ یہ ناگپور شہر میں امن و امان کی صورت حال ہے اور ریاست بھی اس سے کچھ مختلف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ملازمت نہیں دے رہی اور دوسری طرف آن لائن جوے کے ذریعے نوجوانوں کو برباد کیا جارہا ہے۔ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی مہاراشٹر میں ہے۔ اقتدار میں بیٹھے لوگ صرف بالائی کھانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ یہ حکومت ریاست کے عوام کے بنیادی مسائل کے تئیں اندھی اور بہری ہے۔ اس حکومت کی آنکھیں کھولنے کے لیے ایم وی اے کی میٹنگ میں غوروفکر کیا جائے گا۔

منی پور واقعہ کی سی بی آئی انکوائری سے کچھ حاصل نہیں ہوگا

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ منی پور کے واقعات نے ملک کی شبیہ کو داغدار کر دیا ہے۔ دنیا میں یہ پیغام گیا ہے کہ ہندوستان میں لوگ محفوظ نہیں ہیں۔ اس کی ذمہ دار مودی حکومت ہے لیکن نریندر مودی اور بی جے پی صرف ایوینٹ کے دکھاوے میں مصروف ہیں۔انہیں اس بات کی زیادہ فکر ہے کہ ان کی تصویر اخبارات اور ٹی وی پر کیسے دکھے گی۔ کہا جا رہا ہے کہ منی پور میں ہوئے خواتین پر مظالم کی جانچ سی بی آئی کرے گی، لیکن سی بی آئی کی جانچ سے کیا ہوگا؟ پلوامہ واقعہ کی بھی جانچ بھی سی بی آئی کر رہی ہے۔ کیا اس کی کوئی رپورٹ ابھی تک آئی؟ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ یہ مرکزی تفتیشی ایجنسیاں ہیں، ان کا کام کیسے ہوتا ہے یہ سب جانتے ہیں۔

ممبئی میں ہونے والی ’انڈیا‘ کی میٹنگ کے لیے کانگریس تیار: نانا پٹولے

این سی پی لیڈر شرد پوار کے ساتھ کانگریس لیڈروں کی میٹنگ

ممبئی:قومی سطح پر اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کے لیے ’انڈیا‘ (انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس) کے نام سے ایک اتحاد قائم کیا گیا ہے۔ اس اتحاد کی تیسری میٹنگ ممبئی میں ہوگی۔ ریاستی کانگریس کے لیڈروں نے جمعہ کو این سی پی کے صدر شرد پوار سے اس کی تیاریوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ شرد پوار نے ممبئی میں میٹنگ کے حوالے سے لیڈروں کی رہنمائی کی۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ممبئی میں ہونے والی میٹنگ کی تیاریاں جاری ہیں اور کانگریس پارٹی اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

اس سلسلے میں کانگریس اور این سی پی لیڈروں نے جمعہ کو یشونت راؤ چوان سینٹر میں ملاقات کی۔ اس میٹنگ میں این سی پی کے صدر شرد پوار، ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے، قانون ساز کانگریس پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان،این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر اور سابق وزیر نسیم خان سمیت دیگر لیڈران موجود تھے۔

میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ’اِنڈیا‘ کی پہلی میٹنگ پٹنہ میں ہوئی تھی جبکہ دوسری میٹنگ حال ہی میں بنگلورو میں ہوئی ہے۔ شرد پوار صاحب نے ان دونوں میٹنگوں میں شرکت کی۔ اب تیسری میٹنگ ممبئی میں ہوگی جس میں ملک بھر سے تقریباً 100 بڑے لیڈر شرکت کریں گے۔کچھ ریاستوں کے وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ، وزراء اور مختلف پارٹیوں کے سینئر لیڈران بھی موجود ہوں گے۔ شرد پوار نے شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے سے فون پر بات چیت کی ہے۔ مہاوکاس اگھاڑی کے طور پر، ہم سب ممبئی میں ہونے والے ’انڈیا‘ کی میٹنگ کو کامیاب بنانے پر توجہ مرکوزکیے ہوئے ہیں۔

صحافیوں کے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی مضبوط ہے۔ بارش کی وجہ سے ایم وی اے کے اجلاس کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔ بارش کا موسم ختم ہوتے ہی یہ جلسے دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔ شرد پوار، ادھو ٹھاکرے اور کانگریس پارٹی کے لیڈر ریاست بھر میں جلسے کریں گے۔ پٹولے نے وضاحت کی ہے کہ اس میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کو لے کر کانگریس پارٹی نے چار سے پانچ میٹنگیں کی ہیں۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ سیٹوں کی تقسیم اور امیدواروں کے انتخاب پر تب بات کی جائے گی جب تینوں پارٹیاں ایک ساتھ بیٹھیں گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading