لوک سبھا کی طرح میونسپل کارپوریشن میں بھی کانگریس کو کامیاب کریں

دھولیہ میونسپل کارپوریشن میں یکطرفہ اقتدار دیں: ہرش وردھن سپکال

سماجوادی پارٹی، ایم آئی ایم، این سی پی، بی جے پی اور شیو سینا کے عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں کانگریس میں شامل

ممبئی / دھولیہ: کانگریس ایک ایسی پارٹی ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے اور ملک میں تنوع کے اندر اتحاد کو مضبوط بناتی ہے، جبکہ دوسری جانب بی جے پی کی سیاست توڑ پھوڑ، ذات اور مذہب کی بنیاد پر نفرت پھیلانے اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں عوام نے کانگریس کو زبردست کامیابی دی، بلدیاتی انتخابات میں بھی کانگریس کو اچھی کامیابی ملی، دھولیہ سے شوڀھا بچھاؤ کو لوک سبھا میں بھیجا گیا، اب دھولیہ میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کو یکطرفہ اقتدار دیجیے۔ یہ اپیل مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کی ہے۔

ہرش وردھن سپکال دھولیہ میں منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریک کے دوران کانگریس کی قیادت میں پورا ملک متحد ہوا، لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ کانگریس اسی قربانیوں کی وراثت ہے، جبکہ آزادی کی جدوجہد کے دوران بی جے پی کے نظریاتی اسلاف برطانوی راج کے ساتھ کھڑے تھے۔ ’بھارت چھوڑو تحریک‘ میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا، بلکہ جن سنگھ نے جناح کی مسلم لیگ کے ساتھ اتحاد کر کے نائب وزارت اعلیٰ کے عہدے بھی قبول کیے تھے۔ یہ ملک سب کا ہے، کسی ایک طبقے کی جاگیر نہیں، لیکن جن لوگوں کا آزادی کی جدوجہد میں کوئی حصہ نہیں تھا وہ آج اقتدار میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے جمہوریت، تہذیب، روایات اور ثقافت کو پامال کرنے کا کام کیا ہے، اسی لیے میں نے انہیں ’جلاد‘ کہا۔ انہوں نے کہا تھا کہ علیحدہ ودربھ بنے بغیر شادی نہیں کریں گے، نیشنلسٹ کانگریس کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے اور اجیت پوار کو ’چکی پیسنے‘ پر مجبور کریں گے، لیکن آج وہ سب وعدے بھول چکے ہیں۔ ’لاڈلی بہن‘ کو 2100 روپے دینے اور کسانوں کا قرض معاف کرنے کے وعدے بھی پورے نہیں کیے گئے۔ سپکال نے طنزیہ انداز میں کہا کہ نریندر مودی کے مقابلے میں دیویندر فڈنویس زیادہ جھوٹ بولتے ہیں۔

مختلف پارٹیوں کے عہدیداران کانگریس میں شامل

کانگریس پردیش صدر ہرش وردھن سپکال کی موجودگی میں دھولیہ میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے اہم عہدیداران نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ان میں سماجوادی پارٹی کے لگاتار تین بار منتخب ہونے والے کارپوریٹر امین پٹیل، نیشنلسٹ کانگریس کے رہنما اور سابق ڈپٹی میئر حاجی شوال انصاری، پرویز شیخ، اظہر پٹھان، ایم آئی ایم کے غنی ڈالر اور جنید پٹھان، شیو سینا کے پریم سونار، بی جے پی کے مرتضیٰ انصاری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ ہرش وردھن سپکال نے تمام نئے شامل ہونے والے عہدیداروں اور کارکنان کا کانگریس میں خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر شوڀھا تائی بچھاؤ، ریاستی کانگریس کے سینئر نائب صدر بھائی نگرالے، راجارام پانگھوانے، دھولیہ شہر کانگریس کے صدر صابر شیخ، جاوید فاروقی، دھولیہ دیہی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر پروین باپو چورے، ڈاکٹر دربار سنگھ گِراسے سمیت کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

MPCC Urdu News 23 December 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading