دیہی علاقوں میں این سی پی کا اسٹرائیک ریٹ بہتر رہا: سنیل تٹکرے
ممبئی: حال ہی میں منعقد ہونے والے میونسپل کونسل اور بلدیہ انتخابات میں این سی پی نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ پارٹی نے براہِ راست 38 کونسل صدر منتخب کروائے جبکہ ریاست بھر میں پارٹی کی جانب سے لڑی گئی 3681 نشستوں میں سے گھڑی کے انتخابی نشان پر تقریباً 1100 کونسلر کامیاب ہوئے۔ یہ اطلاع این سی پی کے ریاستی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے ممبئی میں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔
سنیل تٹکرے نے کہا کہ ان انتخابات میں این سی پی اور مہایوتی میں شامل بی جے پی اور شیو سینا کو ریاست کی عوام نے بھرپور حمایت دی ہے۔ کچھ مقامات پر پارٹی نے آزادانہ طور پر انتخابات میں حصلہ لیا، جبکہ کئی علاقوں میں بی جے پی-این سی پی اتحاد اور بعض مقامات پر این سی پی-شیو سینا اتحاد کے تحت مقابلہ ہوا۔ ان تمام صورتوں میں عوامی حمایت واضح طور پر مہایوتی کے حق میں رہی۔ انہوں نے بتایا کہ ان انتخابات میں این سی پی نے مجموعی طور پر 3681 نشستوں پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے تھے، جن میں سے 1090 امیدوار باضابطہ طور پر پارٹی کے گھڑی کے نشان پر کامیاب ہوئے، جو کہ تقریباً 1100 کے قریب ہے۔ اس کے علاوہ کئی مقامات پر مقامی محاذ اور ترقیاتی محاذ کے تحت بھی اتحاد بنائے گئے تھے، جن میں این سی پی سے وابستہ امیدوار کامیاب ہوئے، اگرچہ انہیں پارٹی کی سرکاری تعداد میں شامل نہیں کیا گیا، لیکن اس کے باوجود مجموعی طور پر پارٹی کی کارکردگی کو مثبت قرار دیا جا سکتا ہے۔
سنیل تٹکرے نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ ان انتخابات میں این سی پی کا دیہی علاقوں میں اسٹرائیک ریٹ خاصا بہتر رہا ہے، جو پارٹی کی زمینی جڑوں اور عوامی رابطے کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو سال بعد بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے، جس کے باعث عوام میں ایک طرف جوش تھا تو دوسری جانب انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے ناراضگی بھی موجود تھی، تاہم مجموعی طور پر عوام نے جمہوری عمل کو قبول کیا اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، قومی کارگزار صدر رکنِ پارلیمنٹ پرفل پٹیل، کابینی وزراء، پارٹی کے مقرر کردہ اسٹار پرچارک اور تنظیمی عہدیداران نے اجتماعی طور پر بھرپور محنت کی۔ اگرچہ ہر جگہ مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوئی، لیکن ٹیم ورک اور منظم حکمتِ عملی قابلِ ستائش رہی۔
پریس کانفرنس میں سنیل تٹکرے نے یہ بھی واضح کیا کہ اب پارٹی آنے والے میونسپل کارپوریشن انتخابات کی تیاری میں مصروف ہو گئی ہے اور اس کے بعد ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کے لیے بھی اسی طرز پر منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اس پریس کانفرنس میں این سی پی کے خزانچی اور رکنِ اسمبلی شیواجی راؤ گرجے، رکنِ اسمبلی ثنا ملک شیخ، ریاستی جنرل سیکریٹری سنجے تٹکرے، سورج چوہان اور لطیف تمبولی بھی موجود تھے۔