ویرار جیسے حادثات آئندہ نہ ہوں، اس کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں: ناناپٹولے

ممبئی: ویرار کے وجیئے ولبھ ہاسپٹل میں ہوئے دردناک حادثے پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے حادثات دوبارہ نہ ہوں، اس کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔ ویرارا میں ہوئے اس اندوہناک حادثے کی اطلاع ملتے ہوئے ناناپٹولے اور ریاستی وزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔

نانا پٹولے نے کہا کہ کورونا کی بھیانک صورت حال کا سامنا کرتے ہوئے ناسک میں آکسیجن کے اخراج کا حادثہ پیش آیا اور آج ویرار میں حادثہ ہوگیا۔کورونا بحران کے اس سنگین صورت حال میں جہاں ایک ایک زندگی بچانے کی کوشش ہورہی ہے وہیں اس طرح کے حادثات کی وجہ سے لوگوں کی جانیں جارہی ہیں جو نہایت افسوسناک ہے۔ ریاستی حکومت کو اس طرح کے حادثات کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا چاہیے اوراس بات کو یقینی بناناچاہیے کہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات نہ ہوں۔ پٹولے نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے نے مرنے والوں کے اہلِ خانہ کی امداد کا اعلان کیا ہے اور ان حادثات کی باریک بینی سے تفتیش کا حکم دیا ہے۔ تفتیش کے بعد ان حادثات کی سچائی سامنے آجائے گی اور جو خاطی ہونگے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔