’بھئے اوربھرشٹاچار‘ بی جے پی کا ’چال اورچرتر‘ ہے: ناناپٹولے

’ایک ہی بھول، کمل کا پھول‘ ّکے نام پر انگلی کاٹنے کا واقعہ دل دہلادینے والا ہے

کیا فڈنویس پارٹیاں توڑنے سے وقت نکال کر ریاست کے داخلی امور پر توجہ دیں گے؟

ممبئی:عوام کو جھوٹے خواب دکھا کر 2014 میں اقتدار میں آنے والی بی جے پی کا اصل چہرہ سامنے آ گیا ہے اور عوام اپنی غلطی پر پشیمانی ہونے لگی ہے۔الہاس نگر میں ایک شخص نے یہ کہتے ہوئے اپنی انگلی ہی کاٹ دی کہ اسی سے اس نے بی جے پی کو ووٹ دیاتھا۔ اس نے یہ کہتے ہوئے کہ کمل کے پھول کو ووٹ دینا اس کی بھول تھی۔بی جے پی کو ووٹ دینے کی پچھتاوے کے طور پر اپنی ہی انگلی ہی کاٹ لینے کا واقعہ دل دہلادینے والا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ لوگوں میں یہ احساس بڑھتا جا رہا ہے کہ انہوں نے بی جے پی کو ووٹ دے کر خود کے ہی پیروں پر کلہاڑی مارلی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بی جے پی کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

نانا پٹولے نے کہا کہ ’بھئے اوربھرشٹاچار‘ بی جے پی کا ’چال اورچرتر‘ ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت کی طرح مہاراشٹر میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کا بھی اعتبار لوگوں کے اندر سے ختم ہوچکا ہے۔ حزبِ اقتدار کے ارکان اسمبلی وارکان پارلیمنٹ علانیہ غنڈہ گردی کررہے ہیں۔ ممبئی میں شندے گروپ کے ایک ایم ایل اے کے بیٹے نے ایک افسر کو اغواء کرکے پیٹا، دوسرے ایم ایل اے نے گولی چلادی۔ ایک ایم ایل اے افسران کی آنکھیں نکال لینے کی حدتک دھمکیاں دے رہے ہیں۔ الہاس نگر کے نند کمار ناناورے نے حکمراں جماعت کے ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ وان کے ساتھیوں کے ذریعے پریشان کیے جانے کے بعد اپنی بیوی کے ساتھ تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی،لیکن پولیس اس کی چانچ نہیں کررہی تھی۔ ملزمین کی گرفتاری نہیں ہونے کی وجہ سے نندکمار کے بھائی دھنن جئے ناناورے نے اپنی وہ انگلی ہی کاٹ لی جس سے اس نے بی جے پی کو ووٹ دیا تھا۔ متاثرہ شخص نے انصاف نہ ملنے تک نائب وزیراعلیٰ ووزیرداخلہ دیوندرفڈنویس کو خبردار کیا ہے کہ ہرہفتے اپنے جسم کا ایک حصہ کاٹ کر انہیں روانہ کرے گا۔ یہ واقعہ دل دہلادینے اور دماغ کو جھنھوڑ دینے والاہے۔ ناناپٹولے نے کہا کہ وزیر داخلہ فڈنویس کو سیاسی پارٹیوں کو توڑنے کے اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے ریاست کے داخلی امور کی جانب توجہ دینے کا وقت نہیں ملتا ہے۔ مہاراشٹر کے لوگ بی جے پی اور فڈنویس کی سیاسی رسہ کشی سے تنگ آچکے ہیں۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ انگلی کاٹنے کے اس واقعہ کے بعد وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ اس بات پر توجہ دیں گے کہ الہاس نگر میں ایک جوڑے کو خودکشی پر مجبور کرنے والوں کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے گی۔ ناناورے کیس میں حکومت کویہ دیکھے بغیر کہ ملزم چھوٹا ہے یا بڑا،کارروائی کرنے کی ہمت دکھانی چاہیے۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ فڈنویس اور شندے جنہوں نے صرف اپوزیشن پارٹیوں کے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے میں سختی دکھائی ہے، انہیں اپنی پارٹی کے ایم ایل ایز اور ایم پی کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنی چاہئے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading