بی جے پی کے پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کانگریس کے پیغام کو عوام تک پہنچائیں

یوتھ کانگریس کے اجلاس سے ریاستی صدر نانا پٹولے کا خطاب

یوتھ کانگریس سڑکوں پر اترکر مودی حکومت سے ملازمت ونوجوانوں کے مسائل پر جواب طلب کرے

تلک بھون میں مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس کی میٹنگ کا انعقاد

ممبئی:ہندوستان نوجوانوں کا ملک ہے اور ملک کی ترقی میں ان نوجوانوں کا اہم رول ہے۔ اس یوتھ پاور کو نظر انداز کرنے سے کام نہیں چلے گا۔ مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت نوجوانوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر کے انہیں دھوکہ دے رہی ہے، ایسے میں یوتھ کانگریس کے کارکنوں کو سڑکوں پر اترکر بڑھتی ہوئی بے روزگاری سمیت دیگر مسائل پر مودی حکومت سے جواب مانگنا چاہئے۔ یہ بات کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے تلک بھون، دادر میں منعقد مہاراشٹرپردیش یوتھ کانگریس کی ایگزیکٹو میٹنگ میں کہی۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ بی جے پی الیکشن جیتنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ بی جے پی سماج میں انتشار پھیلانے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یوتھ کانگریس کے کارکنوں سے کہا کہ وہ بی جے پی کی اس انارکی کی مہم کو روکنے کے لیے اپنی پوری طاقت کے ساتھ سڑکوں پر اتر کرلڑیں۔ بی جے پی کے برے پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے تمام نوجوان کارکنوں کو کانگریس کے آئیڈیا کو عوام تک پہنچانے کے مشن میں لگ جانا چاہیے۔

مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس کی ایگزیکٹو میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر پٹولے نے مزید کہا کہ ملک میں گزشتہ 45 سالوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن کوئی نوکری نہیں دی گئی۔ بی جے پی اور مودی نے نوجوانوں کے روزگار کے خوابوں کو چکناچور کر دیا ہے۔ اگنی ویر جیسی بھرتی اسکیم لا کر نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی سے بھی کھلواڑ کیا گیا ہے۔ بی جے پی حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ بی جے پی اور نریندر مودی نے نوجوانوں کو دھوکہ دیاہے۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت نے بھی بھرتی کا اعلان کیا لیکن اسے پورا نہیں کیا۔ نوجوانوں کو صرف بھرتی کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے حوالے سے ماحول بھی مایوس کن ہے۔ پٹولے نے کہا کہ یوتھ کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں کو ان تمام مسائل کے تعلق سے حکومت سے جوابات مانگنے چاہئیں۔

ریاستی صدر نے کہا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں جیت نے کانگریس میں جوش و خروش سے بھر دیا ہے، لیکن ایک بڑی جیت حاصل کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یوتھ کانگریس کے کارکنان سیاست میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو انہیں جدوجہد کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ پٹولے نے کہا کہ آنے والے لوک سبھا اور ودھان سبھا انتخابات یوتھ کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا نکال کر دنیا کو بڑا پیغام دیا ہے۔ یوتھ کانگریس کو بھی اس پیغام کو ہر گھر تک پہنچانا چاہیے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ اگر یوتھ کانگریس ملک اور ریاست میں کانگریس کی طاقت کو واپس لانے کے عزم کے ساتھ کام کرتی ہے تو ہمارے لیڈر راہل گاندھی کو وزیر اعظم بننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

یوتھ کانگریس کی ایگزیکٹو میٹنگ میں قومی صدر بی وی سرینواس، انچارج کرشنا الوورو، مہاراشٹر یوتھ کانگریس کے صدر کنال راؤت اور جتیندر سنگھ سمیت ریاستی عہدیدار بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading