ممبئی میونسپل کارپوریشن پر کانگریس کی فتح کا پرچم لہرائیں گے: ورشا گائیکواڑ
بی جے پی کے فرقہ پرستی کے ایجنڈے سے ممبئی کے عوام دھوکا نہیں کھائیں گے
کانگریس ممبئی میونسپل کارپوریشن کا انتخاب ممبئی کے مسائل پر لڑے گی
ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے اور کانگریس پارٹی اس انتخاب کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی مہایوتی نے ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے ممبئی کے عوام کے پیسوں پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ ممبئی کو پسندیدہ ٹھیکیداروں و صنعتکاروں کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ممبئی کی ترقی اور ممبئی کے عوام کے مستقبل کے لیے کانگریس پارٹی پوری طاقت کے ساتھ انتخاب لڑے گی اور فتح کا پرچم لہرائے گی۔ یہ عزم ممبئی کانگریس کی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ ورشا گایکواڑ نے ظاہر کیا۔
اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں ایڈمنسٹریٹر کے دور میں صنعتکار، بلڈر اور پسندیدہ ٹھیکیدار تو مالا مال ہو گئے، لیکن ممبئی کے عوام کی مشکلات میں زبردست اضافہ ہوتا رہا۔ بدعنوانی بڑے پیمانے پر پھیل چکی ہے اور ممبئی کے شہریوں کو اچھی سڑکیں، پانی، صاف ہوا، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں ہیں۔ آج بی جے پی دوسروں پر انگلی اٹھا رہی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ 25 برسوں تک ممبئی میونسپل کارپوریشن میں انہی کی حکومت رہی ہے اور پچھلے تین برسوں سے بی جے پی مہایوتی حکومت ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے میونسپل کارپوریشن کا انتظام چلا رہی ہے۔ اس دوران ممبئی اور مہاراشٹر کو بدعنوانی کے معاملے میں ملک میں پہلے نمبر پر پہنچانے کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کی تجوری اور بینکوں میں موجود جمع پونجی کو لوٹا گیا ہے۔ بی جے پی اس انتخاب میں بھی مذہب کے نام پر سماجی ہم آہنگی کو بگاڑ کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن ممبئی کا انتخاب صرف اور صرف ممبئی کے مسائل اور سوالات پر ہی ہونا چاہیے۔
بی جے پی کی جانب سے دائر کیے گئے جھوٹے نیشنل ہیرالڈ معاملے کو عدالت کی جانب سے قبول نہ کیے جانے پر بی جے پی کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑی ہے۔ بی جے پی نے کانگریس پارٹی، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو بدنام کرنے کے لیے جھوٹا ایجنڈا چلایا، لیکن عدالت نے ان کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ نیشنل ہیرالڈ معاملے میں کوئی جرم نہیں بنتا۔ ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسے اداروں کا غلط استعمال کر کے بی جے پی حکومت اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ عدالت کے فیصلے سے بی جے پی کا جھوٹ اور منافقت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے رویے سے یہ بات ایک بار پھر ثابت ہوگئی کہ سچ کو پریشان تو کیا جا سکتا ہے، مگر شکست نہیں دیا جا سکتا۔
MPCC Urdu News 16 December 25.docx