پرینکاگاندھی کی بڑھتی مقبولیت سے بی جے پی حکومت خوفزدہ: بالاصاحب تھورات

حکومت کے دباؤمیں آئے بغیر کانگریس لیڈران عوام کے لیے جدوجہدکرتے رہیں گے

ممبئی:مودی حکومت کے ذریعے پرینکاگاندھی کا تحفظ ہٹانا اور ان کی رہائش گاہ چھین لینا نہایت افسوسناک ہے۔ پرینکا نے اپنی دادی اور سابق وزیراعظم اندراگاندھی اور والد راجیوگاندھی کی بھیانک موت دیکھی ہے۔ آج بھی گاندھی خاندان کے اوپرسے یہ خطرہ ٹلا نہیں ہے، ایسی صورت میں پرینکاگاندھی کی حفاظت اور ان کی رہائش چھین لینادراصل بی جے پی کی گھٹیا سیاست ہے جو پرینکاگاندھی کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔ بی جے پی اس کے ذریعہ پرینکاگاندھی کی آواز دبانے کی کوشش کررہی ہے ، لیکن اس طر ح کی گھٹیا حرکتوں کو پرینکاگاندھی وکانگریس خاطر میں نہیں لاتی ہے۔ اس کے بعد بھی ہم عوام کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے اور جمہوری طریقے سے حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرووزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کہی ہیں۔

بالاصاحب تھورات نے کہا کہ پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر مرکز کی بی جے پی حکومت بری طرح خوفزدہ ہے۔ راہل گاندھی و پرینکا گاندھی بی جے پی حکومت کے غلط فیصلے کے خلاف مسلسل سوالات اٹھارہے ہیں ۔ لہذا بی جے پی اس سے سخت الجھن میں ہے اور یہ ان پر دباو ڈالنے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ سوالات نہ پوچھیں۔تھورات نے کہا کہ حکومت سے جوسوالات کیے جارہے ہیں، ان کے جوابات اس کے پاس نہیں ہے، اسی لیے وہ خوفزدہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس کا ایک ہی مقصد ہے کہ حکومت کے خلاف آواز نہ اٹھائی جائے اور اس کے غلط فیصلوں کے خلاف سوال نہ کئے جائیں۔ تھورات نے کہا کہ بی جے پی حکومت اس طرح چاہے جتنا دباؤڈالنے کی کوشش کرے ، پرینکا گاندھی و راہل گاندھی عوام کے مفاد کے لیے حکومت سے سوالات کرتے رہیں گے اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading