ممبئی:ریاست کے سینئر وزیر چھگن بھجبل کے خلاف جس گھٹیازبان کا استعمال کیاگیا ہے ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ کابینہ کے سینئر وزیر بھجبل کاتعلق چونکہ پسماندہ طبقے سے ہےاسی لیے ان کے بارے میں توہین آمیز زبان استعمال کی گئی ہے۔ بی جے پی کی یہی ذہنیت ہے۔ بھجبل کے بارے میں جو زبان استعمال کی گئی ہے اس پر حکومت معافی مانگے اور اگر اس کے ہمت ہو تو ایم ایل اے سنجے گائیکواڑ کو فورا معطل کرے۔ یہ مطالبہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نےکیا ہے۔
میڈیاسے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے شندے-بی جے پی-پوار حکومت پر جم کر تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر ریاست میں او بی سی بمقابلہ مراٹھا تنازعہ پیدا کر رہی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار مراٹھا آرڈیننس کے خلاف ہیں اور عدالت جانے کی بات کر رہے ہیں۔ چھترپتی شیواجی مہاراج، شاہو، پھلے، امبیڈکرکے مہاراشٹر میںآخر یہ کیسا تماشا کیا جارہا ہے؟ ناناپٹولے نے کہا کہ بی جے پی نےمہاراشٹر کا بہت نقصان کیا ہے، اس نقصان سے مہاراشٹر کوبچانے کے لیے ہی ہماری جدوجہد چل رہی ہے۔
پرکاش امبیڈکر کے ساتھ مثبت بات چیت
مہاوکاس اگھاڑی کی آج کی میٹنگ میں ونچیت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر بھی موجود تھے، ان کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی۔ امبیڈکر نے میٹنگ میں کچھ نکات اٹھائے ہیں، ان کے اور ہمارے درمیان بہت سے مسائل مشترک ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان کی صدارت میں ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جومشترکہ کم ازکم پروگرام بنائے گی۔ اس کمیٹی میں تمام سیاسی اتحادی پارٹیوں کے ارکان شامل ہوں گے۔ کمیٹی آٹھ دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور اس کے بعد آئندہ ہفتے ایم وی اے کے اجلاس میں سیٹوں کی تقسیم پر بھی غور کیا جائے گا۔ سیٹ الاٹمنٹ پر مہاوکاس اگھاڑی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، تمام 48 سیٹوں پر ایم ویاے الیکشن لڑے گی اور سب سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ انڈیا الائنس میں بہار میں کیا ہوایہ سب کو معلوم ہے۔ نتیش کمار اس سے پہلے بھی ایسی پلٹی بازی کرچکے ہیں۔بہار میں کانگریس اور لالو پرساد یادو کی آر جے ڈی کی بڑی طاقت ہے، اس لیے ان پر بی جے پی کے دو کارکن ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، لیکن اس کا خمیازہ بی جے پی کو بھگتنا پڑے گا۔