مہاراشٹر میں 23401 لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں
دہلی، 12 مئی (یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس (كووڈ -19) کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے اور متاثرین کی تعداد 70 ہزار کے پار ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان 50 ہزار سے زائد متاثرین والے ممالک کی فہرست میں 13 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ متاثرین کے صحت مند ہونے کی شرح میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو منگل کو بڑھ کر 31.73 فیصد ہو گئی۔
کورونا متاثرین کی صحت مند ہونے کی شرح پیر کو 31.14 فیصد تھی جبکہ اتوار کو یہ 31 فیصد ، ہفتہ کو تقریبا 30 فیصد جبکہ جمعرات کو یہ 28.83 فیصد تھی۔ بدھ کو یہ شرح 28.7 فیصد تھی. گزشتہ ایک ہفتہ میں ریکوری کی شرح میں تقریبا تین فیصد سے زائد کا اضافہ درج کیا گیاہے۔ یہ شرح عالمی وبا سے برسرپیکار دنیا کے کئی ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔
راحت کی ایک اور بات یہ ہے کہ متاثرین کی شرح اموات منگل کو 3.2 فیصد کے ساتھ مستحکم رہی کیونکہ پیر کو بھی یہ اسی شرح پر رہی تھی۔ اس سے پہلے گزشتہ دو دنوں سے اس کی شرح 3.3 فیصد پر بنی ہوئی تھی. یہ شرح پہلے کے مقابلے میں مستحکم مانی جا سکتی ہے. جمعرات کو اس کی شرح 3.3 فیصد تھی جبکہ بدھ کو یہ شرح 3.4 فیصد تھی. اس سے پہلے یہ شرح کئی دنوں تک 3.1 فیصد پر مستحکم رہی تھی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 3604 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد 70756 ہو گئی ہے اور اس دوران 87 افراد ہلاک ہونے سے مرنے والوں کی تعداد 2293 تک پہنچ گئی۔
صحت کی مرکزی وزارت کی جانب سے منگل کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 70756 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2293 افراد کی موت ہوئی ہے۔ اب تک 22455 لوگ اس انفیکشن سے شفایاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور جس سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے. مہاراشٹر میں 23401 لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 868 لوگوں کی موت ہو چکی ہے. ریاست میں 4786 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ملک کی مغربی ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے. گجرات میں اب تک 8904 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 537 اموات ہوئی ہیں۔ اب تک 3246 لوگوں کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی کی بھی حالت اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ یہاں اس سے اب تک 7233 لوگ متاثر ہوئے ہیں اورکورونا انفیکشن سے مرنے والوں کے اعداد و شمار میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اورمرنے والوں کی تعداد 73 ہی ہے. اب تک 2129 لوگوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔