
ناندیڑـ22 جنوری (نامہ نگار): ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے سابق ڈپٹی میئر اور کانگریس اقلیتی شعبے کے ریاستی نائب صدر، مسعود احمد خان نے گزشتہ روز محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے ایگزیکٹو انجینئر کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں سڑکوں کی خراب حالت پر فوری اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
میمورنڈم میں بتایا گیا کہ شہریوں کو سڑکوں پر پڑے بڑے بڑے گڑھوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر ہنگولی گیٹ سے دیگلور ناکہ جانے والا راستہ اور مال ٹیکڑی اوور بریج پر گہرے گڑھے موجود ہیں، یہاں تک کہ بریج کے اندر لوہے کی سلاخیں بھی نظر آ رہی ہیں۔ ان گڑھوں کی وجہ سے آئے دن حادثات پیش آ رہے ہیں۔مسعود احمد خان نے مطالبہ کیا کہ ان خستہ حال سڑکوں پر جہاں جہاں ضرورت ہو وہاں پیچ ورک کیا جائے اور ڈامر کی ایک نئی لیئر بچھائی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان راستوں کی فوری مرمت نہ کی گئی تو مستقبل میں مزید حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔محکمہ تعمیرات کے ایگزیکٹو انجینئر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد اس راستے کی مرمت کا کام مکمل کر دیا جائے گا
۔میمورنڈم پیش کرتے وقت مسعود احمد خان کے ساتھ سابق کارپوریٹر سید شیر علی اور ناندیڑ ضلع کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبے کے ضلع صدر رحیم احمد خان بھی موجود تھے، جنہوں نے بھی سڑکوں کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کیا۔