سومناتھ سوریہ ونشی کے قتل کے ذمہ دار پولیس افسران کو سخت سزا ملنی چاہیے: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے سومناتھ سوریہ ونشی اور وجے واکوڈے کے خاندانوں سے ملاقات کر کے انہیں تسلی دی
پربھنی: پربھنی کے نوجوان سومناتھ سوریہ ونشی کو دلت ہونے کی وجہ سے قتل کر دیا گیا۔ لوک سبھا میں قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے اس واقعے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس حراست میں سوریہ ونشی کے قتل کے ذمہ دار افسران کو جلد از جلد سخت سزا دی جانی چاہیے۔ راہل گاندھی نے پیر کے روز پربھنی میں سومناتھ سوریہ ونشی کے اہل خانہ سے سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے اس واقعے کی تفصیلات جانیں اور خاندان کو یقین دلایا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے گا۔
اہل خانہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ سومناتھ سوریہ ونشی کی موت پولیس حراست میں ہونے والی مار پیٹ کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قتل میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے اسمبلی میں اس معاملے پر غلط معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے اس قتل کے لیے دیویندر فڑنویس کو بھی برابر کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ آئین کو ختم کرنے کی ہے، لیکن ہم اس مسئلے پر سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ ہماری صرف یہی مانگ ہے کہ سوریہونشی کے خاندان کو انصاف ملے۔ راہل گاندھی نے سوریہ ونشی کے خاندان سے ملاقات کے بعد وجے واکوڈے کے خاندان سے بھی ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔
اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ حکومت سومناتھ سوریہ ونشی قتل کیس کو دبانے کا جرم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اسمبلی میں کہا کہ سوریہ ونشی کی موت دمہ کی وجہ سے ہوئی ہے لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ سے واضح ہوا ہے کہ ان کی موت پولیس کی مار پیٹ کی وجہ سے ہوئی ہے۔
پٹولے نے بتایا کہ اپوزیشن نے حال ہی میں ختم ہونے والے ناگپور اسمبلی اجلاس کے دوران سوریہ ونشی اور سنتوش دیشمکھ کی موت کے معاملات کو ایوان میں اٹھایا تھا، لیکن وزیراعلیٰ نے غلط معلومات دی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس اس معاملے پر وزیراعلیٰ کے خلاف خصوصی استحقاق کی تحریک پیش کرے گی اور کہا کہ سوریہ ونشی کے قاتلوں کو بخشا نہیں جائے گا۔
پٹولے نے مزید کہا کہ بی جے پی کی حکومت پسماندہ طبقات، قبائلیوں اور اقلیتوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، لیکن کانگریس ان مظالم کے خلاف آواز اٹھائے گی اور مظلوم خاندانوں کو انصاف دلائے گی۔ اس موقع پر راہل گاندھی کے ساتھ مہاراشٹر کے انچارج رمیش چنیتھلا، ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن بالاصاحب تھورات، وجے وڈیٹی وار، ڈاکٹر نتن راؤت، امت دیشمکھ، یشومتی ٹھاکر، گوا انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، رکن پارلیمنٹ پرنیتی شندے، ممبئی کانگریس صدر اور رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ، رکن پارلیمنٹ رویندر چوہان، رکن پارلیمنٹ سنجے جادھو، ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے، چیف ترجمان اتل لونڈھے، پربھنی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر اور سابق وزیر سریش وراپوڈکر، پربھنی شہر کے صدر ندیم انعامدار سمیت کئی رہنما موجود تھے۔