ونود کامبلی اسپتال میں داخل، حالت مستحکم مگر تشویشناک کرکٹ کی دنیا میں تشویش، جلد صحت یابی کی امید

ونود کامبلی اسپتال میں داخل، حالت مستحکم مگر تشویشناک
کرکٹ کی دنیا میں تشویش، جلد صحت یابی کی امید
تھانے (آفتاب شیخ)
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین ونود کامبلی کی طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں ہفتہ کی رات تھانے کے آکریتی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ 52 سالہ کامبلی حالیہ کچھ عرصے سے سنگین صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ممبئی کے شیواجی پارک میں اپنے مرحوم کوچ راماکانت آچریکر کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں کامبلی کو وہیل چیئر پر دیکھا گیا تھا، جس سے ان کی صحت کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوا۔
اسپتال میں ڈاکٹروں نے کامبلی کی تمام ضروری جانچ کی ہیں اور ان کی حالت پر نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق، ان کی حالت فی الحال مستحکم ہے، تاہم وہ مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں ہیں۔
پچھلے ماہ ایک انٹرویو کے دوران کامبلی نے اپنے صحت کے حوالے سے انکشاف کیا تھا کہ انہیں شدید پیشاب کی تکلیف کا سامنا تھا، جس کے باعث انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا۔ کامبلی نے بتایا، "میرے بیٹے اور بیوی نے اس دوران میرا بہت سہارا دیا۔ اچانک میرا سر چکرایا اور میں گر گیا۔ ڈاکٹروں نے فوراً اسپتال میں داخل ہونے کی صلاح دی۔"
کامبلی نے 2013 میں دل کی دو سرجریاں کرائیں تھیں، جن میں ان کے پرانے دوست اور عظیم کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے مالی مدد کی تھی۔
کامبلی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے 17 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔ اپنے کرکٹ کیریئر میں انہوں نے چار ٹیسٹ سنچریاں بنائیں، جن میں دو لگاتار ڈبل سنچریاں شامل ہیں۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ پہلے بھارتی کھلاڑی ہیں۔
کامبلی کی صحت کے حوالے سے ان کے مداح اور کرکٹ کمیونٹی گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ کرکٹ کی دنیا کے عظیم کھلاڑیوں جیسے کپیل دیو اور سنیل گاوسکر نے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading