یوپی: امتحان کے جوابی بیاض پر جے ایس آر کے نعرے تحریر کرنے پر طلباء کامیاب

کھنؤ: اترپردیش میں ایک یونیورسٹی کے سال اول کے طلبہ نے جوابی بیاض پر ”جئے شری رام“ اور کرکٹ کھلاڑیوں کے نام لکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی لیکن بعدازاں وہ قانونی کے چنگل میں آگئے۔

جونپور میں قائم ویربہادر سنگھ پورو آنچل یونیورسٹی کے 2 پروفیسرس کو جوابی بیاضات پر نشانات دینے کے عوض رقم وصول کرنے پر معطل کردیا گیا ہے۔جوابی بیاضات پر فلمی گیت، نغمے اور مذہبی نعرے تحریر کئے گئے تھے۔

طلبہ لیڈر دیویانشو سنگھ نے وزیراعظم، چیف منسٹر، گورنر اور وائس چانسلر کے نام اپنے ایک مکتوب میں الزام لگایا تھا کہ یونیورسٹی کے بعض عہدیداروں کے ساتھ ان کی ملی بھگت ہے حتیٰ کہ صفر نشانات حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی زائداز60 فیصد نشانات دیتے ہوئے کامیاب کردیا گیا۔

وائس چانسلروندنا سنگھ نے بتایا کہ یہ الزام لگایا گیا تھا کہ طلبہ کو زیادہ نشانات دیئے گئے ہیں اسی لئے ہم نے ایک کمیٹی قائم کی۔

اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ طلبہ کو زیادہ نشانات دیئے گئے ہیں۔ مذہبی نعروں کے بارے میں دریافت کرنے پر انہوں نے کہا کہ میں نے جئے شری رام لکھی ہوئی کوئی جوابی بیاض نہیں دیکھی ہے لیکن ایک نقل دیکھی ہے جس کے بارے میں کچھ سمجھ نہیں سکی۔ ہینڈ رائٹنگ صاف نہیں تھی۔