ممبئی:8/ مئی ( ایجنسیز)مہاراشٹر کے اورنگ آباد اور عثمان آباد علاقوں کا نام تبدیل کیے جانے کے خلاف داخل عرضیوں کو آج بامبے ہائی کورٹ نے خارج کر دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے عرضی دہندگان کے سامنے یہ سوال رکھ دیا کہ ’’نام میں کیا رکھا ہے؟‘‘ دراصل مہاراشٹر حکومت نے اورنگ آباد ضلع کا نام بدل کر چھترپتی سنبھاجی نگر اور عثمان آباد کا نام بدل کر دھاراشیو کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔
اسی کے خلاف کئی عرضیاں بامبے ہائی کورٹ میں داخل کی گئی تھیں، جنھیں آج عدالت نے خارج کر دیا۔بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اور جسٹس عارف ڈاکٹر کی بنچ نے داخل عرضیوں پر سماعت کرنے کے بعد کہا کہ اس میں کچھ بھی خاص نہیں ہے، اس لیے ریاستی حکومت کے ذریعہ نام بدلنے کے لیے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں۔
عدالت نے مزید کہا کہ اورنگ آباد اور عثمان آباد کا نام بدلنے کے لیے ریاستی حکومت کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن کسی بھی طرح سے غیر قانونی نہیں ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مہاراشٹر لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت ریاستی حکومت کسی بھی ریونیو سیکٹر کو ختم کرنے اور علاقہ کا نام بدلنے کی اجازت دے سکتی ہے۔
ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت نے اورنگ آباد اور عثمان آباد کے نام بدلنے کا فیصلہ لینے سے پہلے ضروری قانونی شرائط پر عمل کیا ہے۔