ہند ۔ امریکہ کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافہ

امریکی ڈیفنس سیکریٹری جنرل ایل جیمس آسٹن کا دورۂ ہند ، وزیراعظم مودی اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے بات چیت

نئی دہلی : ہندوستان نے آج کہا کہ وہ فلوریڈا میں امریکی سنٹرل کمانڈ کے ساتھ دفاعی تعاون کو تیز کرے گا۔ اس کے علاوہ انڈو۔ پیسیفک خطہ اور آفریقہ میں امریکی کمانڈس کے ساتھ مل کر بھی کام کیا جائے گا۔ امریکی ڈیفنس سیکریٹری جنرل (ریٹائرڈ) ایل جیمس آسٹنIII سے بات چیت کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہند۔ امریکی دفاعی تعاون پر ہم نے بات چیت کی ہے۔ آسٹن نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کی دوستی انڈو۔ پیسیفک کیلئے امریکی پالیسی کا مرکزی ستون ہے۔ ہم نے باہمی اور ہمہ رُخی فوجی مشقوں کا جائزہ لیا اور اس بات سے اتفاق کیا کہ امریکی انڈو۔ پیسیفک کمانڈ، سنٹرل کمانڈ اور آفریقی کمانڈ کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ اس سلسلے میں ہم نے بنیادی معاہدے بھی کئے ہیں۔ باہمی فائدے کیلئے پورے اختیارات کے ساتھ کام کریں گے۔ ودھان بھون میں امریکی ڈیفنس سیکریٹری جنرل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ اس بات چیت میں باہمی اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوج سے فوج کی مصروفیات اور خدمات کے علاوہ معلومات کی فراہمی، دفاعی شعبہ میں اُبھرتے ہوئے حالات کے مطابق تعاون کرنا ، اس کے علاوہ حکمت عملی پر مبنی تائید سے بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ قبل ازیں دن میں دورہ کرنے والے ڈیفنس سیکریٹری نے قومی جنگی یادگار مقام پر پہنچ کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور پھول مالا پیش کئے۔ وہ جمعہ کے دن نئی دہلی پہنچے تھے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔ آج کی بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ہند ۔ امریکی دوستی ایک اہمیت رکھتی ہے۔ آسٹن نے کہا کہ اس خطے میں ہندوستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات مرکزی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ دفاعی تعاون کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم نے اس علاقہ میں امن کو فروغ دینے کا عہد کیا ہے۔ امریکی جوبائیڈن اور کملا ہیرس نظم و نسق نے 22 جنوری کو ڈیفنس سیکریٹری کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آسٹن کا یہ پہلا تین روزہ دورہ ہندوستان ہے۔ آسٹن کا یہ دورہ ایک ایسے اہم وقت پر ہورہا ہے، جبکہ امریکہ کے ساتھ ہندوستان نے کئی توقعات وابستہ کی ہیں۔ امریکہ یہ چاہتا ہے کہ اس دورہ کے ذریعہ ہندوستان کو مزید قریب کیا جاسکے کیونکہ ہندوستان نے آنے والے مہینوں میں روس سے S-400 میزائل ڈیفنس سسٹم حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ہندوستان کے اس اقدام سے امریکی تحدیدات پر اثر پڑ سکتا ہے۔ امریکی پالیسی کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حال ہی میں منعقدہ ہند۔ امریکہ ۔جاپان۔ آسٹریلیا کی چوٹی کانفرنس کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں چار ملکوں نے جو فریم ورک بنایا ہے، اس کے مطابق انڈو ۔ پیسیفک خطے کے بشمول پورے علاقے کو آزادانہ اور کھلی مارکٹ میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے سمندروں میں تیل پھیل جانے اور ماحولیات کی تباہی، منشیات کی منتقلی، غیرقانونی ماہی گیری جیسے مسائل پر بھی بات چیت کی۔ راج ناتھ سنگھ نے امریکی صنعت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس صنعت کو چاہئے کہ وہ ہندوستان کی فراخدلانہ بیرونی راست سرمایہ کاری پالیسیوں سے استفادہ کرے۔

Leave a comment