نئی دہلی، 12جون(یواین آئی)مرکزی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ہائی وے پر چلنے والے ٹرک اور بس کورونا وبا کے پیش نظر ملک میں نافذ رات کے کرفیو کے دائرے سے باہر ہیں اور اور ان کی آمدورفت میں رکاوٹ نہیں پہنچائی جانی چاہئے۔مرکزی داخلہ سکریٹری نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو لکھے مکتوب میں کہا ہے کہ گذشتہ تین مئی کو لاک ڈاؤن کی بیشتر پابندیاں ہٹا ئےجانے سے متعلق حکم میں شب 9بجے سے صبح 5بجے تک کا کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ا
نہوں نے کہا ہے کہ ہائی وے پر مال کی نقل وحمل کے لئے چلنے والے ٹرک اور مسافر بسوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا۔وہ اس کے دائرے میں نہیں آتیں۔ساتھ ہی ضروری خدمات کے معاملے میں بھی یہ نافذ نہیں ہوگا۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دوسری ریاستوں سے ٹرینوں اوربسوں میں آنے والے جو مسافر اپنے گھر جارہے ہیں وہ بھی اس کے قانون کے ٹھت نہیں آتے۔انہوں نے ریاستوں سے کہا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کو رات کے وقت ٹرکوں میں سامان اتارنے اور لوڈ کرنے اور ان کی آمدورفت میں رکاوٹ پہنچائے جانے کی جانکاری موصول ہوئی ہے۔
سبھی ریاستوں کو اپنے یہاں متعلقہ ایجنسیز کو یہ حکم دینا چاہئے کہ وہ ٹرکوں اوربسوں کی آمدورفت میں خلل نہ ڈالیں۔وزارت نے کہا ہے کہ شب کا کرفیو خاص طور سے لوگوں کو بھیڑ والے پروگراموں کے انعقاد سے روکنے اور سماجی دوری کے ضابطہ کو یقینی بنانے کے مقصد سے نافذ کیا گیا ہے۔