گھوڑبندر کے رہائشیوں کو ٹریفک جام سے ملے گی راحت – نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا حکم، بھاری گاڑیاں رات 12 بجے کے بعد ہی چھوڑیں
ضلع کلکٹر، پولیس کمشنر اور میونسپل کمشنر کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت

تھانے (آفتاب شیخ) –
تھانے کے گھوڑبندر روڈ پر بڑھتے ہوئے ٹریفک جام سے شہریوں کو راحت دلانے کے لئے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے پیر کی رات دیر گئے تمام متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کے ساتھ میٹنگ کر کے اہم احکامات جاری کئے۔ انہوں نے واضح کہا کہ گھوڑبندر روڈ پر بھاری گاڑیوں کو رات 12 بجے کے بعد ہی چھوڑا جائے اور جو افسران اس حکم کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
میٹنگ میں نائب وزیراعلیٰ نے ہم آہنگی کمیٹی کے صدر اور تھانے کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشن پانچال کو تھانے میونسپل کارپوریشن، نوی ممبئی پولیس، پالگھر ضلع انتظامیہ، میرا-بھائندر پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے ساتھ مل کر سخت منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی ضرورت پڑنے پر اضافی افرادی قوت مہیا کرنے کے بھی احکامات دیے۔
شندے نے جے این پی ٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر اْنمیش واگھ کو حکم دیا کہ جے این پی ٹی سے نکلنے والی بھاری گاڑیوں کو بھی رات 12 بجے کے بعد ہی گھوڑبندر روڈ پر آنے دیا جائے۔ نوی ممبئی ٹریفک پولیس کے ڈپٹی کمشنر مسٹر کاکڑے کو بھی اس تعلق سے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے میرا-بھائندر پولیس کمشنر نکیت کوشک، میرا-بھائندر میونسپل کمشنر رادھا بنود شرما، پالگھر ضلع کلکٹر اندورانی جاکھڑ اور ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیشمکھ کو فون پر ہدایت دی کہ احمد آباد سے گھوڑبندر روڈ پر آنے والی بھاری گاڑیوں کو بھی رات 12 بجے کے بعد ہی چھوڑا جائے۔ ساتھ ہی اَچھاڑ اور چِنچوٹی میں بھاری گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے اور جامع منصوبہ تیار کرنے کے بھی احکامات دیے گئے۔
شندے نے اس پورے نظام کے ہم آہنگی کی ذمہ داری تھانے ضلع کلکٹر پانچال کو سونپی ہے اور وقت کی پابندی نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
اس میٹنگ میں تھانے میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر سندیپ مالوی، ٹریفک پولیس ڈپٹی کمشنر پنکج شیراست، پولیس ڈپٹی کمشنر پرشانت کدم، جج پنکج سنہا، گِریش پاٹل اور ایڈووکیٹ رادھیکا رانے موجود تھے۔