ممبئی:نیپالی نڑاد بولی وڈ اداکارہ منیشا کوائرالا نے اعتراف کیا ہے کہ کینسر کی بیماری ان کے لیے غنیمت ثابت ہوئی اور اب وہ مکمل علاج کے بعد بہترین اور پہلے سے اچھی زندگی گزار رہی ہیں۔
48 سالہ منیشا کوئرالا اگرچہ پہلے بھی کینسر کی بیماری پر کھل کر بات کر چکی ہیں، تاہم اب انہوں نے اس موذی مرض سے لڑنے اور اس سے جان چھڑانے پر ایک کتاب لکھی ہے، جسے شائع کردیا گیا۔منیشا کوئرالا 2012 میں ’اورین کینسر‘ میں مبتلا ہوگئیں تھیں اور کئی ماہ تک ان کا علاج ہوا تھا، بعد ازاں امریکا میں ان کی سرجری کی گئی تھی۔سرجری کے بعد اداکارہ کو کینسر فری قرار دیا گیا تھا اور کینسر فری زندگی کے 6 سال مکمل ہونے پر انہوں نے بیماری سے لڑنے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے پر کتاب لکھی ہے، جس میں انہوں نے کھل کر بات کی۔منیشا کوئرالہ نے یہ کتاب لکھاری نیلم کمار کے ساتھ مل کر لکھی ہے، جسے گزشتہ ماہ ہی فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 48 سالہ منیشا کوئرالا نے اپنی کتاب ’ہیلڈ: ہاؤ کینسر گیو می اے نیو لائف‘ میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انہیں یہ جان لیوا بیماری اپنی ہی غفلت کی وجہ سے لگی۔نیپالی نڑاد بولی وڈ اداکارہ نے کتاب میں لکھا ہے کہ انہوں نے خود اپنے اوپر ظلم کیا، تاہم اب وہ کینسر کی بیماری کو اپنے لیے غنیمت سمجھتی ہیں۔اداکارہ نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے جسم کی حفاظت نہیں کی اور انتہائی لاپرواہ طرز زندگی کی وجہ سے انہیں کینسر لاحق ہوا۔اداکارہ نے اعتراف کیا کہ اگر انہیں کینسر لاحق نہیں ہوتا تو وہ کسی اور بیماری میں مر جاتیں، تاہم اب انہیں محسوس ہوتا ہیکہ کینسر ان کے لیے غنیمت تھی، کیوں کہ اس سے صحت مند ہونے کے بعد انہوں نے زندگی سے بہت کچھ سیکھا اور اب وہ پہلے سے اچھی اور بہتر زندگی گزار رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے اپنی کتاب میں کینسر سے قبل اپنے طرز زندگی پر بھی کھل کر بات کی ہے اور ان کی کتاب سے پتہ چلتا ہے کہ وہ شراب نوشی بھی کرتی رہی ہیں۔منیشا کوئرالا نے کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے یہ کتاب ایک ایسے وقت میں شائع کرواکر فروخت کے لیے پیش کی، جب کہ بولی وڈ کے متعدد اداکار کینسر کے مرض سے جنگ لڑ رہے ہیں۔
گزشتہ برس مارچ میں بولی وڈ اداکار عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر میں مبتلا ہوگئے تھے، جن کا علاج لندن میں جاری ہے اور اب اطلاعات ہیں کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔اسی طرح اداکارہ سونالی باندرے بھی گزشتہ برس کینسر کا شکار ہوئی تھیں اور وہ بھی علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئی تھیں، جہاں سے وہ سرجری کرانے کے بعد واپس بھارت آئی تھیں۔بولی وڈ اداکار آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ طاہرہ کشیپ کو بھی بریسٹ کینسر لاحق ہوا تھا اور انہوں نے بھی سرجری کرائی تھی۔ ماضی کی مقبول اداکارہ نفیسہ علی کو بھی کینسر لاحق ہوا تھا،اسی طرح اداکار رشی کپور کے حوالے سے بھی اطلاعات تھیں کہ انہیں کینسر لاحق ہوگیا ہے، تاہم انہوں نے کینسر کی تصدیق نہیں کی اور وہ بھی علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئے تھے۔