سعودی عرب کا اربوں ڈالر کا فضائی دفاعی نظام حوثیوں کے حملے روکنے میں ناکام کیوں ہوا؟

سعودی عرب نے گذشتہ ایک دہائی کے دوران اپنے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں۔

2017 میں امریکہ نے سعودی عرب کو تھاڈ لانچرز اور میزائلز کی فروخت کے لیے قریب 15 ارب ڈالر کے معاہدے کی منظوری دی تھی۔ پھر 2022 میں پیٹریاٹ میزائلز کے لیے تین ارب ڈالر کے معاہدے کی منظوری دی گئی اور بعد ازاں اسی دفاعی نظام میں بہتری کے لیے 2026 میں دوبارہ تقریباً نو ارب ڈالر کا معاہدہ طے پایا۔

پیٹریاٹ اور تھاڈ جیسے جدید امریکی دفاعی نظام حاصل کرنے کے باوجود حالیہ دنوں میں یمن کے حوثی گروہ (انصار اللہ) کے حملوں نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھایا ہے کہ جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی کے باوجود مملکت کے اہم ہوائی اڈے اور دیگر تنصیبات میزائلوں اور ڈرونز کی زد میں کیوں آ رہے ہیں؟10 اکتوبر کو ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے ایک حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اگلے روز اسی ایئرپورٹ پر ایک اور میزائل یا پروجیکٹائل حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔ ان حملوں کے بعد پروازیں معطل کر دی گئیں جبکہ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ تحقیقات شروع کی گئی ہیں کہ حوثیوں کے داغے گئے میزائل اور ڈرون سعودی دفاعی حصار کو عبور کرنے میں کیسے کامیاب ہوئے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا تھا، تاہم بعض اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ معاملہ زیرِ بحث ہے کہ جدید دفاعی نظاموں کے باوجود تمام حملوں کو روکنا اتنا مشکل کیوں ہوتا ہے؟

کیا مسئلہ حوثیوں کی بدلتی ہوئی میزائل اور ڈرون صلاحیتیں ہیں، یا مختلف دفاعی نظاموں کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی میں چیلنجز موجود ہیں؟ یا پھر وسیع جغرافیے، متعدد سمتوں سے مسلسل حملے اور انٹرسیپٹر میزائلوں کے محدود ذخائر جیسے عوامل بھی دفاعی منصوبہ بندی کو پیچیدہ بنا رہے ہیں؟

سعودی عرب کے پاس کون سے فضائی دفاعی نظام موجود ہیں؟

سعودی عرب کے پاس ایک ملٹی لیئرڈ یا کثیر سطحی فضائی دفاعی نیٹ ورک ہے جس میں مختلف فاصلے اور بلندی پر آنے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے متعدد نظام شامل ہیں۔امریکہ میں تیار کردہ پیٹریاٹ نظام سعودی عرب کے فضائی اور میزائل دفاع کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔سٹریٹیجک ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایس وی آئی) سے وابستہ محقق حماد ولید نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ سعودی عرب ڈرونز، طیاروں، کروز میزائلوں اور بعض بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کے لیے پیٹریاٹ نظام استعمال کرتا ہے۔پیٹریاٹ ایڈوانسڈ کیپابلیٹی تھری (PAC-3) جدید ریڈاروں کی مدد سے بیک وقت متعدد اہداف کا سراغ لگانے اور انھیں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم اس میں استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائل انتہائی مہنگے ہوتے ہیں۔حماد ولید کے مطابق اسی وجہ سے سعودی عرب بعض مواقع پر سوئس ساختہ اورلیکن 35 ملی میٹر اینٹی ایئر کرافٹ گنز بھی استعمال کرتا ہے، جو نسبتاً کم لاگت کے ساتھ چھوٹے ڈرونز کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔

تھاڈ (THAAD)

ٹرمینل ہائی آلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس (THAAD) نظام کو زیادہ بلندی پر بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے اور یہ پیٹریاٹ جیسے نظاموں کے ساتھ مل کر دفاع کی ایک اضافی تہہ فراہم کرتا ہے۔سعودی عرب نے جولائی 2025 میں اپنی پہلی تھاڈ یونٹ کو فعال قرار دیا تھا۔ حماد ولید کے مطابق یہ نظام ایران یا حوثیوں کی جانب سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کے خلاف دفاع کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے، تاہم اسے عموماً ڈرونز کے خلاف استعمال نہیں کیا جاتا کیونکہ یہ ایک نہایت مہنگا دفاعی نظام ہے۔

دیگر فضائی دفاعی نظام

سعودی عرب کے پاس درمیانے اور کم فاصلے تک مار کرنے والے کئی دیگر دفاعی نظام بھی موجود ہیں، جن میں آئی ہاک (I-Hawk)، کروٹال (Crotale)، شاہین (Shahine) اور میکا (MICA) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مخصوص تنصیبات کے دفاع کے لیے پوائنٹ ڈیفنس نظام بھی استعمال کیے جاتے ہیں، جو مجموعی فضائی دفاعی نیٹ ورک کو مضبوط بناتے ہیں۔ساسچا بروخمان، انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹیجک سٹڈیز (آئی آئی ایس ایس) کے مشرقِ وسطیٰ سیکشن میں ڈیفنس اینڈ ملٹری اینالیسز پروگرام (DMAP) کے ریسرچ فیلو ہیں۔

بی بی سی نیوز اردو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے زیادہ تر اہداف کو کامیابی سے روکا ہے، تاہم حوثی پورا ہفتہ سعودی فضائی دفاع کے خلاف پے در پے حملے کرتے رہے ہیں، حتیٰ کہ ہوائی اڈے پر پہلا میزائل گرنے سے پہلے بھی۔

ساسچا کا کہنا ہے کہ ڈرونز کے جھنڈ (swarms) اسی مقصد کے لیے تیار کیے جاتے ہیں کہ دفاعی نظام پر بوجھ بڑھا دیا جائے تاکہ کچھ ہتھیار دفاعی حصار عبور کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔

ان کے مطابق تکنیکی طور پر بعض اوقات ڈرونز اتنی کم بلندی اور کم رفتار سے پرواز کرتے ہیں کہ ریڈار کو انھیں شناخت کرنے میں مشکل ہوتی ہے۔ طویل فاصلے تک نگرانی کرنے والے ریڈار عموماً میزائلوں اور جنگی طیاروں کی نشاندہی کے لیے بہتر بنائے گئے ہوتے ہیں۔ جبکہ ڈرونز کی شناخت کے لیے مخصوص ریڈاروں کی حدِ نگرانی نسبتاً کم ہوتی ہے۔ اگر حملہ آور کئی دنوں یا ہفتوں تک متعدد ڈرون قربان کرنے پر آمادہ ہوں تو وہ ایسے ریڈاروں کے درمیان موجود کمزور مقامات یا خلا تلاش کر سکتے ہیں۔

سٹریٹیجک ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایس وی آئی) سے وابستہ محقق حماد ولید بھی اس سے اتفاق کرتے ہیں۔

بی بی سی نیوز اردو سے بات کرتے ہوئے حماد کہتے ہیں کہ حالیہ حملوں سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ سعودی فضائی دفاع مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ سعودی عرب کے وسیع رقبے کے باعث جدید دفاعی نظام صرف مخصوص علاقوں اور حساس تنصیبات کو تحفظ فراہم کر سکتے ہیں، جبکہ حوثی اتنی بڑی تعداد میں حملے کر رہے ہیں کہ بعض میزائل اور ڈرون دفاعی حصار عبور کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں اور وقفے وقفے سے بعض حملوں کا اپنے اہداف تک پہنچ جانا لازماً اس بات کا ثبوت نہیں کہ فضائی دفاعی نظام ناکام ہو چکا ہے، بلکہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دفاعی نظام مسلسل دباؤ میں ہے۔

حماد ولید کا مزید کہنا ہے کہ حالیہ حملوں کو صرف دفاعی ناکامی قرار دینا درست نہیں ہوگا کیونکہ سعودی عرب کو حالیہ مہینوں میں ایران سے منسلک خطرات، ڈرونز، کروز میزائلوں اور بیلسٹک میزائلوں سمیت متعدد نوعیت کے خطرات کا سامنا رہا ہے، جس سے دفاعی نظام پر مجموعی دباؤ میں اضافہ ہوا۔

تھامس جونو، تھنک ٹینک چیتھم ہاؤس کے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ پروگرام میں ایسوسی ایٹ فیلو ہیں۔ ان کی تحقیق کے اہم موضوعات میں مشرقِ وسطیٰ، ایران، خلیجی سلامتی، یمن کا تنازع، حوثی تحریک اور سعودی عرب کی علاقائی سلامتی کی حکمتِ عملی شامل ہیں۔

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے روکنے میں کیوں ناکام ہو رہے ہیں، اس حوالے سے بی بی سی نیوز اردو سے بات کرتے ہوئے تھامس جونو کہتے ہیں کہ اس کی دو بنیادی وجوہات ہیں: پہلی سعودی عرب کا وسیع جغرافیہ ہے۔ ان کے بقول دو ملین مربع کلومیٹر سے زائد رقبے پر پھیلے ملک میں تیل کی تنصیبات، پائپ لائنیں، ہوائی و فوجی اڈوں سمیت بڑی تعداد میں حساس اور تزویراتی تنصیبات موجود ہیں جن کا مکمل دفاع کرنا بذاتِ خود ایک بڑا چیلنج ہے۔

ان کے مطابق دوسری وجہ یہ ہے کہ اگرچہ سعودی عرب نے 2025 کے بعد حوثیوں کے خلاف اپنی عسکری کارکردگی میں بتدریج بہتری لائی ہے، تاہم اسی عرصے میں حوثیوں کی صلاحیتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔فابیان ہنز کانفلکٹ آرمامنٹ ریسرچ (Conflict Armament Research) سے وابستہ سینئر تجزیہ کار ہیں، جو میزائل ٹیکنالوجی، ڈرونز اور جدید ہتھیاروں کے پھیلاؤ پر تحقیق کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ اس سے قبل وہ انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹیجک سٹڈیز (آئی آئی ایس ایس) میں میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ریسرچ فیلو رہ چکے ہیں۔

بی بی سی نیوز اردو سے بات کرتے ہوئے فابیان بتاتے ہیں کہ کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے خلاف ایسے حملے شروع کیے ہیں جن میں بیلسٹک میزائل، کروز میزائل اور ڈرونز بیک وقت استعمال کیے جا رہے ہیں۔

وہ بتاتے ہیں کہ اس نوعیت کے مشترکہ حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد آسان نہیں ہوتا کیونکہ ان میں شامل ہتھیاروں کی رفتار، پرواز کی بلندی، راستہ اور ہدف تک پہنچنے کی سمت مختلف ہوتی ہے۔ تاہم اگر ایسے حملے کامیابی سے کیے جائیں تو وہ فضائی دفاعی نظام کے لیے اہداف کی نشاندہی اور انھیں تباہ کرنا نمایاں طور پر زیادہ پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

اس حوالے سے آئی آئی ایس ایس سے وابستہ ساسچا بروخمان کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل خلا یا خلا کے کنارے جیسی بہت بلند بلندی سے آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ رفتار کے ساتھ اپنے ہدف کی طرف آتے ہیں۔ اس وجہ سے دفاعی نظام کو ردعمل کے لیے بہت کم وقت ملتا ہے۔ میرے اندازے کے مطابق حوثیوں کے میزائل فضا میں دس منٹ سے بھی کم وقت گزارتے ہیں۔

ان کے مطابق جبکہ کروز میزائل طیاروں کی طرح پرواز کرتے ہیں اور ان کی رفتار عموماً میک ون (Mach 1) سے کم ہوتی ہے، مگر وہ زمین کے نشیب و فراز کے مطابق راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ پہاڑی سلسلوں کی آڑ میں رہ سکتے ہیں اور ہدف کے قریب پہنچنے پر ہی نمایاں ہوتے ہیں۔

ساسچا کہتے ہیں کہ ڈرونز میں بھی یہی خصوصیت پائی جاتی ہے، لیکن وہ نسبتاً چھوٹے ہوتے ہیں اور اکثر ایسے مواد سے تیار کیے جاتے ہیں جن کی وجہ سے ریڈار کے لیے انھیں تلاش کرنا اور مسلسل ٹریک کرنا زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔ اور اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ بعض ڈرونز اتنی کم رفتار سے پرواز کرتے ہیں کہ ریڈار کا سافٹ ویئر انھیں غیر اہم سمجھ کر نظر انداز کر دیتا ہے۔

ساسچا کا مزید کہنا ہے کہ ایران اور حوثیوں نے بڑی تعداد میں ڈرونز کے جھنڈ روانہ کرنے اور کم رفتار ڈرونز کو تیز رفتار کروز میزائلوں اور اس سے بھی زیادہ تیز بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ اس انداز میں ہم آہنگ کرنے کی مہارت حاصل کر لی ہے کہ یہ سب تقریباً ایک ہی وقت میں ہدف تک پہنچیں۔

حماد ولید کے مطابق اس حکمتِ عملی کو بعض ماہرین ’سیچوریشن‘ حملے قرار دیتے ہیں۔ ان کے بقول پہلے بڑی تعداد میں ڈرونز بھیج کر فضائی دفاعی نظام کو مصروف کیا جاتا ہے اور اس کے بعد کروز اور بیلسٹک میزائل داغے جاتے ہیں تاکہ دفاعی نظام پر دباؤ بڑھ جائے اور حملے کے کامیاب ہونے کے امکانات میں اضافہ ہو۔

ان کے مطابق، یہ طریقہ روس کی یوکرین میں اور ایران کی بعض حملوں میں اختیار کی گئی حکمتِ عملی سے مشابہت رکھتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ جب دفاعی نظام بیک وقت بڑی تعداد میں مختلف نوعیت کے اہداف سے نمٹ رہا ہو تو بعض ہتھیاروں کے لیے دفاعی حصار عبور کرنے کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔