ہماچل میں برف باری کے بعد اکتوبر میں ہی دسمبر جیسی سردی کا احساس، لیہہ-منالی شاہراہ بند

ہماچل پردیش میں آج صبح سے ہی برف باری والے حالات بنے ہوئے تھے، اور وقت گزرنے کے ساتھ ہی موسم نے اچانک ایسی کروٹ لی جس نے بارش اور برف باری دونوں کا دور شروع کر دیا۔ لاہول وادی کے سسو میں سیزن کی پہلی برف باری دیکھنے کو ملی، جس سے ٹھنڈ اچانک بڑھ گئی۔ سسو کے مقامی باشندہ لکی نے بتایا کہ صبح سے ہی برف باری ہو رہی ہے، لیکن سیاحوں کی آمد بھی برقرار ہے۔ لاہول-اسپیتی ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے بتایا کہ برف باری کے سبب لیہہ-منالی قومی شاہراہ دارچا سے آگے بند کر دیا گیا ہے۔

برف باری کے سبب دارچا سے شنکولا کی طرف جانے والی شاہراہ اور منالی-کاجا روڈ بھی بند ہے۔ حالانکہ اودے پور کے لیے راستہ کھلا ہوا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہماچل پردیش میں آج کے لیے محکمہ موسمیات نے پہلے ہی آرینج الرٹ جاری کر دیا تھا۔ محکمہ موسمیات، شملہ نے صبح لاہول-اسپیتی اور کنّور کو چھوڑ کر ریاست کے 10 اضلاع میں آندھی کا الرٹ بھی جاری کیا ہوا ہے۔ سرمور، ہمیرپور، منڈی، شملہ، کلو اور کانگڑا میں جمعرات کو شدید بارش کے ساتھ آندھی طوفان بھی چلنے کا امکان ہے۔ ان اضلاع کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ چمبا، لاہول-اسپیتی اور سولن میں ہلکی بارش اور برف باری کا یلو الرٹ بھی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 17 اکتوبر تک موسم خراب رہے گا اور پھر 18 سے 20 اکتوبر تک ریاست بھر میں موسم صاف رہنے کا اندازہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس بار دسہرے میں دیوالی کے درمیان مانسون کی طرح بارش دیکھنے کو ملے گی۔ یعنی ریاست میں اس بار سردیوں کے دوران خوب ٹھنڈ پڑنے والی ہے اور برف باری بھی ہوگی۔ فی الحال مستقل برف باری کے سبب شنکولا، بارلاچا لا اور کنجم پاس پر گاڑیوں کی آمد و رفت بند کر دی گئی ہے۔ لاہول اور اسپیتی کے شنکولا ٹاپ، بارالاچا لا ٹاپ، کنجم ٹاپ سمیت دیگر اونچائی والے علاقوں میں لگاتار برف باری ہو رہی ہے۔ موسم کے خراب حالات اور سیاحوں و عام لوگوں کی سیکورٹی کو دھیان میں رکھتے ہوئے ان تینوں مقامات کی طرف سبھی طرح کی گاڑیوں کی آمد و رفت احتیاطاً بند کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کوکسر اور جسپا خطہ میں بھی مسلسل برف باری ہو رہی ہے۔ اس سے سڑکوں پر پھسلن بڑھنے اور گاڑیوں کی آمد و رفت میں جوکھم پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ لاہول-اسپیتی پولیس کے ذریعہ سے سبھی سیاحوں اور عام لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر کرنے سے بچیں اور اونچائی والے علاقوں کی طرف جانے سے پہلے سڑک اور موسم کی حالت سے متعلق جانکاری ضرور حاصل کریں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading