سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشے کے باعث عمرے یا مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے افراد کا مملکت میں داخلہ عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز اور سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سیاحتی ویزے پر ان ممالک سے آنے والے افراد کا مملکت میں داخلہ معطل کیا گیا ہے جہاں سعودی صحت حکام کے طے کردہ معیار کے مطابق نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے‘۔
مملکت میں کورونا وائرس کے خطرے کو روکنے کے لیے رہنما اصولوں کے تحت جی سی سی ممالک کے شہریوں کی قومی شناختی کارڈ کے ذریعے مملکت آمد و رفت کو بھی معطل کیا جا رہا ہے‘۔ قبل ازیں سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے مملکت آنے والے تمام مسافروں کو نیا ہدایات نامہ جاری کیا تھا۔
