سری نگر، یکم اکتوبر (یو این آئی) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی جاوید احمد جمعرات کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔مرحوم صحافی انگریزی روز نامہ ‘رائزنگ کشمیر’ کے ساتھ وابستہ تھے۔یو این آئی اردو نے رائزنگ کشمیر سے وابستہ ایک صحافی سے جب اس خبر جانکاہ کے متعلق رابطہ کیا تو انہوں کہا: ‘آج ہمارے دفتر واقع پریس کالونی سری نگر میں ایک میٹنگ تھی اسی میں شریک ہونے کے لئے جاوید احمد سری نگر آ رہے تھے’۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک بار انہیں فون بھی کیا تو وہ فون پر بولے کہ میں راستے میں ہوں لیکن پٹن پہنچتے ہی ان کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جاوید احمد کو ان کے آبائی گائوں واتر گام رفیع آباد میں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں سپرد لحد کیا گیا۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ جاوید احمد ایک مسافر بردار گاڑی میں سری نگر آ رہے تھے کہ پٹن پہنچتے ہی وہ دل کا دورہ پڑنے سے بے ہوش ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ جاوید احمد کو بے ہوشی کے عالم میں ہی نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔30 سالہ جاوید احمد روز نامہ رائزنگ کشممیر کے لئے جاوید ابن نذیر کی بائی لائن کے تحت ڈیفنس بیٹ پر زیادہ تر کام کرتے تھے۔جاوید کی چند ماہ قبل شادی خانہ آبادی انجام پذیر ہوئی تھی۔دریں اثنا جاوید احمد کی اچانک موت سے صحافتی براداری میں خصوصی طور پر غم و اندوہ ایک لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر صحافیوں کے تعزیتی پیغاموں کا سیلاب امڈ آیا ہے۔یو این آئی کا سری نگر مرکز مرحوم جاوید احمد کی اچانک اور جوان مرگی پر پسماندگان کے غم میں برابر کا شریک ہے اور بارگاہ ایزدی میں دست بدعا ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔