بنگلور۔6نومبر۔کرناٹک میں تین لوک سبھا سیٹوں اور دو اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی منگل کو جاری ہے۔ ابتدائی رجحانات میں 5 میں سے 4 سیٹوں پر کانگریس۔ جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار آگے چل رہے ہیں وہیں، ایک سیٹ پر بی جے پی آگے ہے۔رام نگر اسمبلی سیٹ پر وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی اہلیہ انیتا کمار سوامی نے جیت درج کی ہے۔ وہیں، جام کھنڈی اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار آنند نیاما گوڑا نے جیت حاصل کی ہے۔ حالانکہ، الیکشن کمیشن نے فی الحال اس کی سرکاری تصدیق نہیں کی ہے۔

بیلاری پارلیمانی حلقہ میں کانگریس کے وی ایس اگرپا ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار جے شانتا کو ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی ہے۔ ایسے میں ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ سدارمیا نے بیلاری کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔بیلاری میں ووٹوں کی گنتی کے مرکز کے باہر کانگریس کے کارکنان نے جشن منانا شروع کر دیا ہے.
ہفتہ کے روز ہوئی ووٹنگ میں یہاں تقریباََ 67 فیصد ووٹ پڑے تھے۔ ان ضمنی انتخابات کو ریاست میں حکمراں کانگریس- جے ڈی ایس اتحاد کی مقبولیت کے امتحان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج کا اثر 2019 میں کرناٹک کی سیاست پر بھی پڑ سکتا ہے