کامیڈین منور فاروقی کی ضمانت پر سماعت ملتوی، ’کیس ڈائری‘ لے کر نہیں پہنچی پولیس

اندور: اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی اور نلن یادو کی درخواست ضمانت پر مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی اندور بنچ میں آج سماعت ہونے تھی لیکن عدالت نے تکوگنج تھانہ پولیس کی طرف سے کیس ڈائری پیش نہ کیے جانے کے سبب سماعت ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کر دی۔ کامیڈین منور فاروقی پر اندور کی ایک ہندو تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ہندو دیوی دیوتاؤں کی بے حرمتی کی ہے اور وہ لوگوں کے مذہبی جذبات مشتعل کرتے ہیں۔ پولیس نے منور فارقی سمیت تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا تھا جہاں سے سبھی کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔

آج منور فاروقی کی طرف سے سپریم کورٹ کے وکیل ویویک تنکھا پیش ہوئے تھے لیکن تکوگنج پولیس کی طرف سے کیس ڈائری پیش نہ کیے جانے کی وجہ سے ضمانت پر سماعت ایک ہفتہ کے لئے ملتوی ہو گئی۔ منور فاروقی کے وکیل انشومن شریواستو نے ’آج تک‘ کو بتایا، ’’ہم نے ہائی کورٹ میں منور فاروقی اور نلن یادو کی درخواست ضمانت پیش کی تھی، جس پر آج بحث ہونی تھی۔ چونکہ پولیس نے کیس ڈائری پیش نہیں کی اس لئے سماعت کے لئے اب ایک ہفتہ کے بعد کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔‘‘