شعیب ملک کی قیادت میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کوشکست دے کرگزشتہ میچ کا بدلہ لیا۔ پاکستان نےامام الحق کی عمدہ بلے بازی اورگیند بازوں کی شاندارکارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کوچوتھے ونڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کرسیریز میں 2-2 سے برابرکرلی۔ پاکستانی بلے بازوں نے جنوبی افریقہ کے 164 رنوں کے ہدف کو آسانی سے حاصل کرلیا ہے۔
سرفرازاحمد کے ذریعہ نسلی تبصرہ پرپابندی کے بعد پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے قائم مقام کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کرپہلے گیند بازوں کوآزمانے کا فیصلہ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے کپتان کومایوس نہیں کیا اوراپنے پہلے ہی اوورمیں کوئنٹن ڈی کوک کوپویلین واپسی پرمجبورکردیا جبکہ اننگ کے چھٹے اوورمیں ریزا ہینڈرکس کی اننگ کا بھی خاتمہ کردیا۔ پاکستانی بلے بازامام الحق نے ایک بارپھر نصف سنچری لگائی۔ انہوں نے 71 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس کے فخرزمان نے 44 رن بنائے جبکہ بابراعظم نے 41 رن اورمحمد رضوان نے چاررن بنائے.اس سے قبل جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے بڑے اسکورر ہاشم آملہ رہے۔ انہوں نے 59 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ کپتان فاف ڈوپلیسی نے 57 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کا کوئی بھی بلے بازبڑا اسکوربنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔ ونڈرڈسن 18 اور اینڈل فلکوایو نے 11 رن کے علاوہ تمام بلے باز دہائی تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ پاکستان کی طرف سے عثمان شنواری نے 4 وکٹ ، شاہین شاہ آفریدی اورشاداب خان نے دو دو وکٹ حاصل کئے جبکہ محمد عامراورعماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے