جلگاؤں: گزشتہ چند دنوں سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا تھا، جس کے باعث عام لوگوں کو سونا خریدنے سے پہلے کئی بار سوچنا پڑ رہا تھا۔ تاہم آج جلوگاؤں کے صرافہ بازار میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے عام صارفین کو بڑی راحت ملی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق آج 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 300 روپے کی کمی ہوئی ہے، جبکہ ایک کلو چاندی کے دام میں بھی 4 ہزار روپے کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔
قیمتوں میں اس نمایاں کمی کے بعد سونے کی قیمت جی ایس ٹی سمیت 10 گرام کے لیے 1 لاکھ 60 ہزار 680 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح چاندی کی قیمت جی ایس ٹی سمیت ایک کلو کے لیے 2 لاکھ 48 ہزار 230 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ کئی دنوں سے سونے کے بڑھتے داموں کے درمیان آج کی اس کمی کو عام صارفین کے لیے بڑی راحت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر سونا خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے موجودہ کمی اہم ثابت ہوسکتی ہے.