دبئی :2نومبر(ایجنسیز) ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے تیز ایک ہزار رن بنانے کا ریکارڈ ہندوستان کے وراٹ کوہلی کے نام ہے۔ کوہلی نے اکتوبر 2015 میں صرف 27 اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا تھا ، لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ یہ ریکارڈ زیادہ دنوں تک ٹھہرنے والا نہیں ہے ، کیونکہ پاکستان کے بابر اعظم اس ریکارڈ کے کافی قریب پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ مہینوں کے دوران پاکستان کے ہی فخر زمان نے ون ڈے میں 17 اننگز میں 1000 رن بناتے ہوئے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ اب بابر اعظم کی باری ہے اور انہوں نے اس ریکارڈ پر ٹی 20 انٹرنیشنل میں اپنا دعوی پیش کردیا ہے۔بابر اعظم ٓآج کل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں مصروف ہیں۔ ان کے نام 24 ٹی 20 اننگز میں 912 رن ہوچکے ہیں۔ اس طرح سے ان کے پاس کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کیلئے دو اننگز ہیں ، جن میں انہیں 88 رن بنانے ہیں۔ بابر اعظم ٓآج کل غضب کی فارم میں ہیں اور ہرمیچ میں رنوں کا انبار لگا رہے ہیں۔ انہوں نے پچھلی سات میں سے چھ اننگز میں 40 سے زیادہ کا اسکور بنایا ہے۔ اس لئے اگر وہ وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیں تو اس میں کوئی تعجب نہیں ہوگا۔بابر اعظم پچھلی چھ اننگز میں 97* ، 51 ، 68*، 45، 50، 7رن بنائے ہیں۔ ٓآج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ کھیلا جائے گا۔ پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا اور اس طرح سے اس کی نگاہیں تین میچوں کی سیریز میں ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرنے پر ہوں گی۔