ویرار ہاسپٹل کے آئی سی یو وارڈ میں آتشزدگی ،13 کورونا مریض ہلاک

رہنمایانہ خطوط کی عدم تعمیل کا شاخسانہ ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا اجیت پوار کا تبصرہ

پالگھر : مہاراشٹرمیں پالگھر کے ویرار میں واقع اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں جمعہ کی صبح آتشزدگی کے نتیجے میں 13 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ویرار کے وجئے ولبھ اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں صبح تقریباً سوا تین بجے ائیرکنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچیں فائر بریگیڈوں نے آگ بجھانے کا کام شروع کیا اور ساڑھے پانچ بجے تک اس پر قابو پالیا گیا۔تھانہ میونسپل کارپوریشن کے ریجنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے افسر سنتوش کدم نے بتایا کہ وارڈ میں کل 17 مریض داخل تھے ، جن میں 13 افراد دم توڑ گئے اور چار دیگر مریضوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔مرنے والوں کی شناخت اوما سریش کنگٹکر (63) ، نلیش بھوئر (35) ، پرتھیوراج ولبھ داس وشنو (68) ، رجنی کاڈو (60) ، نریندر شنکر شنڈے (58) ، جناردن موریشور مہاترے (63) ، کمار کشور دوشی (45) ، رمیش اپاین (55) ، پروین شیو لال گوڑا (65) ، امے راجیش راہوت (23) ، شیاما ارون مہاترے (48) ، سوورنا وٹالے (64) اور سپریہ دیشمکھ (43) کے طور پر ہوئی ہے ۔ دوسری جانب وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انتظامیہ کو نجی اسپتالوں کی طرف سے ایسے واقعات کے دوران آگ لگنے سے حفاظت کے اقدامات کے انتظامات کی جانچ کے احکام بھی دیئے گئے ۔نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے کہا کہ اسپتالوں کی حفاظت کے لئے جاری رہنما اصولوں کے باوجود ریاست میں ناسک اور ویرار جیسے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے ویرار کے وجے ولبھ اسپتال میں آج صبح لگی آگ میں مرنے والے مریضوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ سے متعلق تفصیلی معلومات ضلع پالگھر سے حاصل کی گئی ہیں اور حادثے میں زندہ بچ جانے والے دیگر مریضوں کی حفاظت اور بہتر علاج کی ہدایات دی گئی ہیں۔مقامی ایم ایل اے ہیتندر ٹھاکر نے جائے وقوعہ پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ واقعے کی تہہ تک پہنچنے اور یہ پتہ لگانے کی ضرورت ہے کہ کیا انتظامیہ اور اسپتال منیجمنٹ کی جانب سے اس میں کچھ خامیوں رہی ہیں۔ انہوں نے وسئی یا ویرار ہی نہیں بلکہ پوری ریاست میں اسپتالوں میں دستیاب انتظامات کی جانچ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہرحال ابھی مریضوں اور رشتے داروں کو راحت پہنچانا ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ممبر پارلیمنٹ کریٹ سومیہ نے ایک ٹویٹ میں ویرار اسپتال واقعہ کے لئے ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ‘‘مہاراشٹرا میں کووڈ موت کا کھیل جاری ہے ’’۔ ویرار کووڈ ہسپتال میں آگ لگنے سے 13 مریض دم توڑ گئے ۔

Leave a comment