ناندیڑ، 26 فروری (حیدر علی) – آج صبح تقریباً 7 بجے شہر کے وائے پوائنٹ کے قریب ایک نوجوان کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ واقعے کے صرف 12 گھنٹوں کے اندر پولیس نے سخت محنت کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق گنیش نگر میں امول بھجبلے عرف ایم جے دودھ خریدنے کے لیے اپنی موٹر سائیکل پر بیٹھے تھے۔اسی دوران ایک چار پہیہ گاڑی کے پیچھے دو نوجوان کھڑے تھے۔ ایک نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور دوسرے نے چہرے پر رومال باندھا ہوا تھا۔
جیسے ہی امول بھجبلے کا دھیان ہٹا دونوں نوجوان اچانک دوڑتے ہوئے آئے اور ان میں سے ایک نے چاقو سے ان کی گردن پر حملہ کر دیا۔ چاقو گردن پار کر گیاجبکہ دوسرا نوجوان بھی ہتھیار لے کر حملہ کرنے لگا۔امول بھجبلے نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن شدید زخمی ہونے کے باعث وہ زمین پر گر گئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ یہ واقعہ مہاتما پھلے اسکول کے سامنے ایک دکان کے قریب پیش آیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقامی لوکل کرائم برانچ کی مدد سے 12 گھنٹوں میں لمب گاؤں پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ڈھوکی گاؤں کے رہائشی دو بھائیوں، گوپال واکوڑے اور نکھل واکوڑے کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق یہ قتل پرانی دشمنی کی وجہ سے ہوا۔ بتایا جا رہا ہے کہ امول بھجبلے ڈھوکی گاؤں کے سرپنچ بننے کے خواہش مند تھے جس کی وجہ سے ان کی پہلے بھی ملزمان سے جھگڑا ہو چکا تھا۔ اسی دشمنی کے نتیجے میں یہ خونی واردات انجام دی گئی۔پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔