ناندیڑ۔23جولائی(ورق تازہ نیوز) : اس سال فریضہ حج ادا کرنے کے لئے ناندیڑ ضلع سے تقریباً 500 عازمین کی روانگی ممبئی کے لئے عمل میں آرہی ہے۔ عازمینِ حج اور اُن کے رشتہ داروں نے ممبئی جانے کے لئے نندی گرام اور دیو گری ایکسپریس میں ریزرویشن کروایا تھا۔ کئی عازمینِ حج اور اُن کے ساتھ کے افراد کو کنفرم ٹکٹ نہیں ملے تھے اور ویٹنگ لسٹ جاری تھی۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے کانگریس کے سابق ریاستی صدر اشوک چوہان نے ناندیڑ کے ڈی آر ایم سے رابطہ کرکے عازمینِ حج کے لئے اضافی کوچس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں کانگریس کے وفد نے 15جولائی کو ریلوے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ21جولائی تا24جولائی تک دیو گری اور نندی گرام ایکسپریس ٹرین میں سلیپر کے دو کوچس لگائے جائیں تاکہ عازمینِ حج کے ریزرویشن کنفرم ہوسکے۔ اُسی دن ریلوے افسران نے تیقن دیا تھا کہ دیو گری ایکسپریس کو سلیپر کا ایک کوچ لگایا جائے گا۔ 21جولائی سے کوچ لگایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں آج کانگریس کے وفد نے ریلوے حکام سے ملاقات کرکے اُن کا شکریہ ادا کیا۔ سب سے زیادہ عازمین 24جولائی کو روانہ ہورہے ہیں۔ کئی عازمین کے ریزرویشن نندی گرام میں کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں آج کانگریس کے وفد نے نندی گرام کے ویٹنگ لسٹ کی فہرست اسسٹنٹ کمرشیل منیجر علی خان کو سپرد کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ ایمرجنسی کوٹے میں نندی گرام کے ٹکٹ کنفرم کیئے جائیں۔ 24جولائی کو بھی دیو گری ایکسپریس میں اضافی کوچ لگایا جائے گا اور اُس کے علاوہ نندی گرام ایکسپریس کے ٹکٹ بھی کنفرم کیئے جائیں گے۔ کانگریس کے اس وفد میں سابق چیئر مین و اقلیتی شعبہ کے ضلع صدر شمیم عبداللہ‘ سینئر کارپوریٹر مسعود احمد خان‘ عبدالرشید‘ صابر چاﺅش‘ عبداللطیف‘ محمد ناصر‘ منتجب الدین‘ موجود تھے۔