ناندیڑ :وزیر آباد پولیس کی مؤثر کارروائی، لاپتہ نابالغ لڑکی بازیاب، والدین کے حوالے

وزیر آباد پولیس نے ایک قابلِ ستائش کارروائی انجام دیتے ہوئے لاپتہ کم سن لڑکی کو بحفاظت تلاش کر کے اس کے والدین کے حوالے کر دیا ہے۔ یہ کارروائی آپریشن مسکان 14 کے تحت انجام دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ناندیڑ شہر کے ایک شکایت گزار نے 20 نومبر 2025 کو وزیر آباد پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ ان کی نابالغ بیٹی کو نامعلوم شخص نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اغوا کر لیا ہے۔ واقعہ 19 نومبر 2025 کو صبح 10:45 بجے پرتھبا نکیتن کالج، ناندیڑ کے قریب پیش آیا تھا۔ اس شکایت پر وزیر آباد پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 474/2025 دفعہ 137(2) بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ، جناب اویناش کمار کے احکامات پر تمام پولیس اسٹیشنوں کو لاپتہ بچوں کی تلاش کے لیے خصوصی ہدایات دی گئی تھیں۔ اسی سلسلے میں وزیر آباد پولیس نے سائبر سیل ناندیڑ سے حاصل کردہ تکنیکی معلومات کی بنیاد پر تفتیش کرتے ہوئے 20 جنوری 2026 کو دوپہر تقریباً 2 بجے الہاس نگر، ضلع تھانے سے کم سن لڑکی کو برآمد کر لیا۔

لڑکی کو تحویل میں لے کر اس کی والدہ کی موجودگی میں تفصیلی بیان ریکارڈ کیا گیا، جس کی بنیاد پر مقدمے میں مزید دفعات 64(2)(m)، 96 بی این ایس کے ساتھ ساتھ پوکسو ایکٹ کی دفعات 4، 6 اور 8 کا اضافہ کیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

بازیاب کم سن لڑکی کو بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ اس کامیاب کارروائی پر پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ جناب اویناش کمار نے وزیر آباد پولیس کے افسران اور عملے کی ستائش کی ہے۔

یہ کارروائی ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گرو، ایڈیشنل ایس پی ارچنا پاٹل، سب ڈویژنل پولیس آفیسر راجیشور وینجنے کی رہنمائی میں، پولیس انسپکٹر پرمیشور قدم، اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر پرشانت لونڈھے اور دیگر افسران و عملے نے انجام دی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading