شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت
ناندیڑ، 1 اپریل:۔ علاقائی موسمیات مرکز، ممبئی کی اطلاع کے مطابق 2 اور 3 اپریل 2025 کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان دو دنوں میں ضلع کے کچھ مقامات پر 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوا چلنے، گرج چمک اور بادلوں کی گرج کے ساتھ ہلکی اور درمیانی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ قدرتی آفت کے تناظر میں تمام متعلقہ حکام اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی اپیل ضلع انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے۔
*یہ اقدامات کریں:* گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر باہر جانے سے گریز کریں۔ اگر آپ کھلے علاقے میں ہوں اور پاس میں کوئی محفوظ عمارت کا سہارا نہ ہو تو نیچی جگہ پر جائیں اور اپنے گھٹنوں میں سر ڈال کر بیٹھیں۔ اگر آسمان میں بجلی چمک رہی ہو تو گھر یا محفوظ عمارت میں پناہ لیں۔ گھر کی بالکونی، چھت یا باہر کے چبوترے پر نہ ٹھہریں۔
اگر آپ گھر میں ہوں اور بجلی کا کوئی سامان چل رہا ہو تو فوراً اسے بند کریں۔ تاروں کی باڑ، بجلی کے کھمبے اور دیگر لوہے کی اشیاء سے دور رہیں۔ اگر آپ پانی میں کھڑے ہوں تو فوراً پانی سے باہر نکل جائیں۔
*یہ کام نہ کریں:* اگر آسمان میں بجلی چمک رہی ہو تو گھر کے لینڈ لائن فون کا استعمال نہ کریں۔ شاور کے نیچے نہائیں نہیں۔ گھر میں بیسن کے نل، پانی کے پائپ لائن کو چھونے سے گریز کریں نیز کسی بھی برقی سامان کا استعمال نہ کریں۔
گرج چمک اور طوفانی ہوا کے دوران لوہے کی دھات سے بنے ہوئے خیمہ یا چھت میں پناہ نہ لیں۔ لمبے درخت کے نیچے پناہ نہ لیں۔ دھات کے اونچے ٹاورز کے قریب کھڑے نہ ہوں۔ اگر آپ گھر میں ہوں تو کھلے دروازے یا کھڑکی سے بجلی گرنے کا مشاہدہ نہ کریں۔ یہ باہر کھڑے ہونے کے جتنا ہی خطرناک ہے۔