ناندیڑ:9جولائی ( ورقِ تازہ نیوز)ضلع میں بارش نے قہر مچا دیا ہے۔ جمعہ کو رات بھر ہونے والی موسلادھار بارش کی وجہہ سے کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ہر طرف پانی ہی پانی دکھائی دے رہا ہے۔ دریں اثناءمالیگاﺅں راستہ پر واقع ندی کا پانی پاسدگاﺅں کے پل سے بہنے کی وجہہ سے اس شاہراہ پر ٹریفک نظام ٹھپ ہوگیا ہے۔ دیہی علاقوں میں کئی پل زیر آب آگئے ہیں۔ جس کی وجہہ سے روزمرہ کی زندگی تعطل کا شکار ہوگئی۔ اس سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ الرٹ ہوگئی ہے۔ ضلع میں گزشتہ چار پانچ دنوں سے مسلسل بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے دو چار دن تک بڑے پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جمعہ کی شب زوردار بارش کی وجہہ سے ہر طرف جل تھل ہوگیا۔ بارش کی وجہہ سے شہر کے کئی راستے زیر آب آگئے۔ علاوہ ازیں شہر کی کئی بستیوں کے مکانوں میں پانی داخل ہوگیا۔
شہر کے ہنگولی گیٹ کا بھواری راستہ، نیا کوٹھا، پدجا سٹی علاقہ، آنند نگر، بابا نگر، نیا مونڈھا، شاہو نگر، کھڑکپورہ، شری وستی نگر علاقہ اورقدیم شہرکے دیگلورناکہ سے متصل بستیوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ یہاں پر بھی عوام کو بہت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا اور پانی ہی پانی ہوگیا ہے۔ جس کی وجہہ سے گاڑی پر جانے والے افراد کو راستہ تلاش کرنے میں کافی مشکل پیش آرہی ہے۔ دیہی علاقوں میں بھی کئی مقامات پر سیلابی صورتحال دکھائی دے رہی ہے۔ ناندیڑ۔مالیگاﺅں راستہ پر پاسدگاﺅں کے آسنا ندی پر پل زیر آب آنے کی وجہہ سے آمدورفت کو بند کردیا گیا ہے۔ ندی سے متصل بستیوں جیسے پاسدگاﺅں، نلا، چکھلی، کھرگاﺅں، آلے گاﺅں، مرڑک، نیرلی، جیتاپور، سومیشور وغیرہ میں کسانوں کی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ ناندیڑ۔ ناگپور شاہراہ پر ناندیڑ کے قریب آسنا ندی پر واقع پل پر لبالب پانی بہہ رہا ہے۔
تاہم کسی بھی طرح کی دُشواری کے بغیر اس پل پر گاڑیوں کی آمدورفت جاری ہے۔ بسمت پھاٹہ کے قریب مینڈھلا گاﺅں کے قریب پل زیر آب آگیا ہے۔ اسی طرح ضلع کے بھوکر، اردھاپور، کنوٹ، ماہور، مدکھیڑ، حدگاﺅں، حمایت نگر، قندہار، لوہا وغیرہ تعلقہ جات میں زور دار بارش ہوئی ہے۔ جس کی وجہہ سے ندی، نالے لبالب بہہ رہا ہے۔ رات بھر ہونے والی اس زوردار بارش کی وجہہ سے ضلع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے این ڈی آر ایف ٹیم ضلع انتظامیہ و ضلع پولیس فورس الرٹ ہوگیا ہے ۔ مختلف رضاکار تنظیموں کی جانب سے مدد کا کام جاری ہے۔
![]()