ناندیڑ ضلع میں 8افراد کورونا سے متاثر
ناندیڑ:18جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ ضلع میں آج موصول ہونے والی 45رپورٹس کے منجملہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 6، کنوٹ میں ایک، قندہار میں ایک، اس طرح جملہ 8افراد کی رپورٹ کورونا پازیٹیو آئی ہیں۔ ضلع میں آج تک جملہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 27 ہوگئی ہے۔ جن میں سے ایک لاکھ 284 مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ فی الحال ضلع میں 51مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔ ضلع میں اب تک کورونا سے فوت ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 692 ہے۔ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے حدود میں ہوم آئسولیشن میں 2، ناندیڑ ضلع کے تعلقوں کے ہوم آئسولیشن میں ایک، اشونی ہاسپٹل میں2، اس طرح جملہ 5مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارچ کردیا گیا ہے۔ ناندیڑ ضلع میں تعلقوں کے ہوم آئسولیشن میں 26، ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے حدود میں واقع ہوم آئسولیشن میں 23، سرکاری میڈیکل کالج وشنوپوری میں 2، اس طرح جملہ 51مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔
ناندیڑ:تین جعلی پولیس نے 8تولے سونا ہڑپ لیے
ناندیڑ:18جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) شہر کے ڈاکٹر لین، گوردھن گھاٹ روڈ پر بھاسکر ہاسٹل کے سامنے ایک خاتون کو تین افراد نے جعلی پولیس بن کر اس کے پاس سے 8تولے سونے کے زیورات غائب کردیئے۔ ان زیورات کی قیمت تقریباً چار لاکھ روپئے ہے۔ آج دوپہر بارہ بجے کے قریب بنیتا بسنت کمار وید (مُتھا) عمر 75 سال ساکن بوربن فیکٹری اپنے گھر کے پاس سے پیدل جارہی تھی۔ اس درمیان تین کالے رنگ کے افراد، قد لمبا، کالے جیکٹ پہن کر آئے اور اس خاتون سے کہا کہ قریب کی سڑک کے کنارے ایک شخص کا قتل ہوگیا ہے اس لیے کوئی بھی اپنے جسم پر سونے کے زیورات پہن کر اِدھر اُدھر نہیں گھوم سکتا۔ یہ کہہ کر ان تینوں نے خاتون کو اُس کے گلے میں سے زیورات اُتارنے لگائے اور ان زیورات کو ایک دستی میں بند کرکے کچھ دیر کے بعد انتہائی چابک دستی سے اسی طرح ایک دوسری دستی ہاتھ میں تھمادی۔ جب یہ خاتون اپنے گھر گئی اور دستی کھول کر دیکھا تو اس میں سونے کے زیورات نہیں بلکہ بینٹیکس کے زیور اور دو چھوٹے پتھر رکھے ہوئے تھے۔ خاتون کی شکایت پر وزیر آباد پولیس کی ٹیم اور لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے جائے واردات کا دورہ کیا اور معاملہ کی باریک بینی سے جانچ کرنے کے لیے یہاں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا معائنہ کرنے میں مصروف ہوگئی۔
ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں چوری
ناندیڑ:18جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پدمجا سٹی نامی وی آئی پی کالونی کے ایک گھر میں سارقین نے ایل ای ڈی اور ڈی وی آر، مالیت 15 ہزار روپئے چوری کرلیے۔ انیل رام راﺅ جھٹاپلّے کی دی گئی شکایت کے مطابق 15 جولائی کی شب 9 تا 16 جولائی کی شب 9 بجے کے درمیان پدمجا سٹی میں ان کے بھائی سریش جھٹاپلّے کے گھر میں 10 روپئے مالیتی ایک ایل ای ڈی اور 5 ہزار روپئے مالیتی ایک ڈی وی آر، اس طرح جملہ 15 ہزار روپئے کی مالیت سرقہ ہوگئی۔ ناندیڑ دیہی پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کیا ہے۔ اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر گتے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔ اسی طرح ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع شیومندر راستہ پر MH-26BZ-3314 نمبر کی ٹووہیلر مالیت 67 ہزار روپئے13جولائی کی شب 12 تا صبح 10:30بجے کے درمیان چوری ہوگئی۔ اس سلسلے میں روزمزدوری کرنے والے آکاش ابھنگ راﺅ شندے کی شکایت پر ایئرپورٹ پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔ مزید تحقیقات پولیس آفیسر جادھو کررہے ہیں۔
دوکا ن میں چوری کرنے و الے دو افراد گرفتار
ناندیڑ:18جولائی ( ورقِ تازہ نیوز)شراوستی نگر علاقہ میں دُکان پھوڑ کر ہوئی چوری کی واردات کے سلسلے میں شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کی کرائم انویسٹی گیشن کی ٹیم نے 10 گھنٹوں میں دو سارقین کو حراست میں لے کر ان کے پاس سے نقد 6ہزار روپئے ضبط کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 17 جولائی کی شب شراوستی نگر علاقہ میں اشوک دگمبر نکھاتے کی کرانہ دکان بند ہونے کے بعد اس دکان کے دروازے کے قفل کو توڑ کر کیش باکس میں رکھے ہوئے 6 ہزار روپئے سارقین نے چوری کرلیے۔ اس معاملہ میں شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 237/2022 تعزیرات ہند کی دفعہ 357,380 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ڈاکٹر نتن کاشیکر کی رہنمائی میں پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر صرف 10 گھنٹوں کے اندر سونو وجئے بھدرگے ( 23 سال) ساکن شراوستی نگر اور پردھان عرف مانیا رمیش دُدھمل ( 22 سال) ساکن نسرت پورناندیڑ ان دو سارقوں کو حراست میں لیا اور چوری کیے ہوئے 6 ہزار روپئے بھی ضبط کیے۔ صرف 10 گھنٹوں میں سارقین کو حراست میں لینے کی شاندار کارروائی پر کرائم انویسٹی گیشن ٹیم کی ستائش ضلع سپرنٹنڈنٹ و ایڈیشنل ضلع سپرنٹنڈنٹ نے کی ۔ اس کارروائی میں اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر روی واہوڑے، پولیس سب انسپکٹر ملند سون کامڑے، پولیس آفیسر شیخ ابراہیم، دلیپ راٹھوڑ، روی شنکر بامنے، دیوی سنہہ سنگل، شیخ اظہر، دتا وڑجے نے حصہ لیا۔