ناندیڑ:8جون ( ورقِ تازہ نیوز) زمین سے نکالا گیا سونا آدھی قیمت میں دینے کی لالچ دے کر 99 ہزار روپئے کا دھوکہ دینے کے معاملہ میں ایک شخص کے خلاف عثمان نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیاہے۔ قندہار تعلقہ کے چکھلی موضع میں پریما گنپت راﺅ پولے کو ایک شخص نے پانچ تولے سونا آدھی قیمت میں دینے کی لالچ دکھائی۔ ”یہ سونا زمین سے نکالا گیاہے اسے ایک ساتھ نہیں بیچ سکتے۔ اس لیے یہ سونا میں بازار کی قیمت کے مقابلہ میں آدھی قیمت پر دے رہا ہوں۔
“اس طرح کہتے ہوئے دھوکہ باز نے پریما گنپت راﺅ پولے کو سونا خریدنے پر آمادہ کیا۔ بعد ازاں پانچ تولے کے نقلی بسکٹ دے کر فون پے کے ذریعے مختلف نمبروں پر فریادی کے پاس سے آن لائن 99 ہزار روپئے حاصل کیے۔ اور اس بارے میں کسی کو کچھ بھی نہ بتانے کے لیے کہا۔ اس خرید و فروخت کے چند دنوں کے بعد فریادی کو علم ہوا کہ خریدا گیا سونا نقلی ہے۔ جس کے بعد اُس کے پیروں تلے زمین گھسک گئی۔ اس نے فوری طور پر عثمان نگر پولیس اسٹیشن پہنچ کر مذکورہ دھوکہ باز کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ اس معاملہ کی تحقیقات سب انسپکٹر دیوکتے کررہے ہیں۔ دریں اثناءگزشتہ کئی دنوں سے آن لائن دھوکہ دہی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بالخصوص ضرورت مند اور مڈل کلاس لوگ آن لائن دھوکہ دہی کا زیادہ شکار ہورہے ہیں۔ آن لائن دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے شہریان کو چوکس رہنے کی اپیل پولیس انتظامیہ نے کی ہے۔