ناندیڑ:اردوتعلیمی اداروں کو پروگرامس کے لیے اردو گھر مفت فراہم کرنے کا فیصلہ

ناندیڑ۔ ۲۹؍ اگست ( نامہ نگار ):مہاراشٹرا کے پہلے اردو گھر کا اعزاز ناندیڑ کو حاصل ہے۔ ناندیڑ اردو گھر کی ثقافتی کمیٹی کا اجلاس آج کمیٹی کے صدر و ضلع کلکٹر ڈاکٹر ابھجیت رائو ت کی صدارت میں کلکٹر آفس میں منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں ڈپٹی کلکٹر و کمیٹی کے نائب صدر کلکرنی ، یونیورسٹی کے نمائندے و کمیٹی کے رکن ڈاکٹر جگدیش کلکرنی، ثقافتی کمیٹی کے ممبران محمد تقی، قاضی ادریس علی سحر، ڈاکٹر شبانہ درانی، مظفر الدین ، حبیب مسعود علی، ذکی احمد قریشی، منتجب الدین، اردو گھر کے مینجر و دیگر موجود تھے۔ اردو گھر کے مینجر ڈاکٹر شجاع کامل نے اردو گھر ناندیڑ کے آغاز سے اب تک ہوئے پروگرام کی تفصیلات پیش کی اور بتایا کہ اردو گھر کے تعلق سے حکومت نے جو جی آر جاری کیا ہے اس کے مطابق اردو گھر کار کرد ہے ۔

یہاں پر موجود لائبریری سے بڑے پیمانے پر اردو داں طبقہ استفادہ کر رہا ہے۔ خاص کر طلباء کو کافی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔ اسی طرح چار سو سے زائد طلباء نے اسٹڈی سینٹر کے طور پر اردو گھر کو استعمال کرنے کیلئے رجسٹریشن کیا ہے۔ کئی طلباء یہاں آکر اسٹڈی ہال میں روزانہ اسٹڈی کر رہے ہیں۔ اردو گھر ناندیڑ میں مختلف پروگرامس منعقد کرنے کے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔ اردو گھر میں زیادہ سے زیادہ اردو کے پروگرامس منعقد ہو سکے اس کے لیے کمیٹی کے اراکین نے مختلف تجاویز پیش کی۔ کمیٹی کے صدر و ضلع کلکٹر نے اراکین کی تجاویز پر عمل آوری کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کچھ قراردادوں کو منظور ی دی ہے۔اراکین نے سابق میں بھی کمیٹی کی جانب سے تجویز پیش کی تھی کہ اردو گھر میں ایم پی ایس سی اور یو پی ایس سی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلباء کی کوچنگ کا نظم کیا جائے ۔

ضلع کلکٹر نے اس تعلق سے کہا کے اردو زبان سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ حیات کے افراد کے یہاں پر سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو مدعو کر کے ان کے رہنمائی کیمپ طلباء کے لیے رکھیں جائیں گے۔ ضلع کلکٹر و کمیٹی کے صدر ابھجیت رائو ت نے کہا کے ناندیڑ شہر کے اردو تعلیمی ادارے جن میں اسکول و کالجس شامل ہیں انہیں اپنے مختلف تعلیمی پروگرام کے لیے اردو گھر مفت فراہم کیا جائے گا صرف انہیں استعمال شدہ بجلی کا بل دینا ہوگا۔ اسی طرح اردو گھر میں مختلف گیتوں کے پروگرامس( بغیر ڈانس یا رقص) منعقد کرنے کو بھی ضلع کلکٹر نے منظوری دی ۔

اردو گھر میں دیگر زبان جانے والے افراد کو اردو زبان سے واقف کرانے کیلئے اردو کورس شروع کرنے اور این سی پی یو ایل نئی دہلی کی جانب سے چلائے جانے والے مختلف کورسیس شروع کرنے کی تجویز بھی اراکین نے پیش کی جس پر کلکٹر نے مثبت جواب دیا ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کے ناندیڑ کے اردو گھر کو فعال و متحرک رکھنا بے حد ضروری ہے اس لیے یہا ں پر مسلسل مختلف پروگرامس کا انعقاد ہونا بھی ضروری ہے۔ اردو گھر اردو تعلیمی اداروں کو مفت فراہم کرنے کے متعلق جلد ہی مکتوب تمام تعلیمی اداروں کو روانہ کئے جائیں گے۔

آئندہ نومبر میں اردو گھر میں اردو دن کا پروگرام منعقد کرنے اور یہاں پر طلباء کے لیے اردوکتاب میلا ، تعلیمی نمائش اور مختلف پروگرامس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔ ضلع کلکٹر کی جانب سے آج کئی اہم اقدامات اس میٹنگ میں لیے گئے جس پر کمیٹی کے ممبران نے ضلع کلکٹرو کمیٹی کے صدر ڈاکٹر ابھجیت رائوت کا شکریہ ادا کیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading