ممبئی:23/ جنوری( ایجنسیز) ممبئی کے مضافاتی علاقے میرا روڈ میں انتظامیہ کی جانب سے ‘غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں علاقے میں بلڈوزر کی مدد سے کاروائی کی گئی۔ ایودھیا کے رام مندر میں منعقد پران پرتیشتھا تقریب سے پہلے اور بعد میں اس علاقے میں تشدد دیکھا گیا۔ جائے وقوعہ سے ابھرنے والے مناظر میں اتوار کی شام اور پیر کی دوپہر لوگوں کے دو گروپ ایک دوسرے پر پتھراؤ کرتے ہوئے دیکھے گئے۔
تشدد اس وقت شروع ہوا جب شری رام شوبھا یاترا میرا روڈ کے نیا نگر علاقے سے گزر رہی تھی۔ اس معاملے میں پولیس نے پیر کی رات تک ایک درجن سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پیر کی رات پوسٹ کیا کہ ریاست میں "امن و قانون کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے” کو بخشا نہیں جائے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر لکھا، ’’میرا بھایندر کے نیا نگر علاقے میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں مکمل معلومات لے لی ہیں۔ پیر کی صبح 3.30 بجے تک، میں میرا-بھیندر پولس کمشنر کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔ پولیس کو تمام ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس معاملے میں اب تک 13 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر دیگر ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔ مہاراشٹر میں امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔