- پران پرتشٹھا کے مذہبی پروگرام میں بھی وزیر اعظم مودی کی سیاسی تقریر!
- چھترپتی شیواجی عوامی بادشاہ تھے، ان کا موازنہ کسی سے نہیں کیا جا سکتا: نانا پٹولے
-
ریاستی کانگریس کے مغربی ڈویژن کی ضلعی جائزہ میٹنگ کا پونے میں انعقاد
پونے:عام انتخابات قریب ہیں اور کانگریس پارٹی نے اس کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اس کے تحت پارٹی کی جائزہ میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کانگریس پارٹی ونچت بہوجن اگھاڑی کو اپنے ساتھ لے نا چاہتی ہے اور اس کے لیے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی صدر شرد پوار ونچت بہوجن اگھاڑی کے پرکاش امبیڈکر سے بات چیت کر رہے ہیں۔ مہا وکاس اگھاڑی مہاراشٹر کی تمام لوک سبھا سیٹوں پر ایک ساتھ الیکشن لڑنے پر راضی ہو گئی ہے۔ سیٹ الاٹمنٹ پر بات چیت آخری مراحل میں ہے ، جلد ہی اس پر فیصلہ کرلیا جائے گا۔ یہ اطلاع مہاراشٹر کانگریس پارٹی کے انچارج رمیش چینتھلا نے دی ہے۔ وہ یہاں جائزہ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کررہے تھے ۔
ریاستی کانگریس کے مغربی مہاراشٹر ڈویژن کی ضلعی جائزہ میٹنگ پونے میں انچارج رمیش چننیتھلا کی موجودگی میں اور ریاستی صدر نانا پٹولے کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر قانون ساز پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار، سابق وزیر اور ریاستی ورکنگ صدر نسیم خان، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اور شریک انچارج آشیش دووا، سونل پٹیل، ایم ایل اے رویندر دھانگیکر ، سابق وزیر رمیش باگوے، پونے شہر کے صدر اروند شندے، ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے، ریاستی نائب صدر سنجے راٹھور، سابق ایم ایل اے دیپتی چاودھاری، کمل ویوہارے ،ریاستی ترجمان اننت گاڈگل، گوپال تیواری، سنجے بالگوڑے،ریاستی سکریٹری رام وجے بورونگلے سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔
میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رمیش چنیتھلا نے کہا کہ بی جے پی مذہب کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرتی ہے ۔بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی بھگوان رام کو انتخابات کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ایودھیا میں پران پرتشٹھا کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے سیاسی تقریر کی۔ شنکراچاریہ ایودھیا کے نامکمل مندر میں پران پرتشٹھا کے خلاف تھے لیکن بی جے پی اور مودی نے ان کے اعتراض کو بھی نظر انداز کیا۔ گجرات کے تاریخی سومناتھ مندر کی بھی تزئین و آرائش کی گئی لیکن اس وقت اس کا کوئی سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مندر، مسجد، گرودوارہ میں داخل ہونے سے کسی کو نہیں روکا جاتا۔ تمام لوگوں کو اپنے مذہب کے مطابق آزادی ہے لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بی جے پی حکومت نے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو آسام میں مندر جانے سے روک دیا۔ یہ ہماری روایت نہیں ہے۔ راہل گاندھی کو مندر جانے کی دعوت دی گئی تھی لیکن انہیں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کانگریس پارٹی نے آسام میں بھارت جوڑو نیا ئے یاترا پر بی جے پی کے غنڈوں کے حملے کی سخت مذمت کی۔صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے رمیش چنیتھلا نے کہا کہ این سی پی کے صدر شرد پوار اور شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر کو انڈیا الائنس میں شامل کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ کانگریس سب کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ چنیتھلا نے یہ بھی کہا کہ سیٹ الاٹمنٹ کا فیصلہ جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔
اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ چھترپتی شیواجی کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوششیں کئی بار کی گئی ہیں اور آج بھی کی جارہی ہیں۔ چھترپتی شیواجی ایک عوامی بادشاہ تھے جن کا نریندر مودی سے موازنہ قطعاً نہیں کیا جا سکتا۔ چھترپتی شیواجی ہمارے آدرش ہیں اور ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بی جے پی مراٹھا برادری کو ریزرویشن نہیں دینا چاہتی۔ دیویندر فڑنویس جب وزیر اعلیٰ بنے تو انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایک ماہ کے اندر ریزرویشن دیں گے۔ آج ان کے پاس بھاری اکثریت ہے، لیکن وہ ریزرویشن نہیں دے رہے ہیں۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی مراٹھا برادری اور او بی سی کے درمیان تنازعہ پیدا کرنا چاہتی ہے۔