ممبئی : سی ایس ٹی حادثہ ‘مہلوکین کی تعداد5سے زائد‘ہیلپ لائن نمبرس جاری

14مارچ ( ایجنسیز)ممبئی کے سی ایس ٹی ریلوے اسٹیشن کا فٹ اوور برج جمعرات کی شام منہدم ہو گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں 2 خواتین سمیت 5 لوگوں کی موت ہو گئی ہے وہیں تقریبا 36 لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔

 

یہ حادثہ سی ایس ٹی ریلوے اسٹیشن کے باہر ہوا ہے۔ راحت اور بچاو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ تمام زخمیوں کو جارج اسپتال میں داخل کرایا جا رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق ممبئی کے سی ایس ٹی ریلوے اسٹیشن پر جمعرات کی شام جب لوگ اپنے گھر لوٹ رہے تھے تبھی اسٹیشن کے باہر کا فٹ اوور برج کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ حادثہ میں 36 لوگ برج کے ملبے کے نیچے دب گئے۔ لوگوں کی چیخ پکار سن کر وہاں موجود لوگوں نے فورا راحت اور بچاو کا کام شروع کر دیا۔ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور ریلوے کے افسران بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے۔ متاثر خاندان 1916, 9833806409, 022-22621855, 022-22621955 پر حادثہ سے متعلق جانکاری حاصل کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ یہ ممبئی کے مصروف ترین علاقہ میں شمار ہوتا ہے اور انجمن اسلام اور ٹائمزآف انڈیاکی عمارتوں کی درمیان واقع سڑک بدرالدین طیب جی مارگ پر اس کے زینہ اترتے ہیںجبکہ ملک کی سب سے امیر میونسپل کارپوریشن کی بالکل ناک کے نیچے یہ سنگین حادثہ پیش آیا ہے،حادثہ کی وجہ سے جنوبی ممبئی کو شہر سے جوڑنے والے حضرت مخدوم مہائمی ڈھائی کلومیٹر طویل فلائی اوورکو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے،اس پل سے کئی ہزار افرادگزرتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق، یہ پل 30 سال سے بھی زیادہ پرانا ہے۔ ابھی بھی ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ابھی بھی متعدد لوگ دبے ہو سکتے ہیں۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت سنجیدہ بتائی جا رہی ہے۔ اس بات کی جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے کہ آخر فٹ اوور برج کیسے منہدم ہو گیا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading