ملک میں کورونا متاثرین کے صحتیاب ہونے کی شرح 40 فیصد’متاثرین کی تعداد 106750 ہوگئی

2020_5$largeimg17_may_2020_1104378672950252524627228094..jpgنئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) ملک میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) انفیکشن کے گزشتہ ایک روز میں ریکارڈ 5611 معاملے سامنے آنے کے ساتھ کل متاثرین کی تعداد 106750 ہوگئی ہے اور اس بیچ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 3303 پہنچ گئی ہےلیکن راحت کی بات یہ ہے کہ متاثرین کے صحت مند ہونے کی شرح میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو بدھ کے روز بڑھ کر 40فیصد ہو گئی۔کورونا وائرس سےمتاثرین کے صحت مند ہونے کی شرح گزشتہ روز 39.62 فیصد ہو تھی جبکہ منگل کو یہ 38.73 فیصد تھی۔گزشتہ ایک ہفتے میں ریکوری کی شرح میں تقریبا چھ فیصد سے زائد کا اضافہ درج کیا گیاہے۔ یہ شرح عالمی وبا سے برسرپیکار دنیا کے کئی ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔
راحت کی ایک اور بات یہ ہے کہ متاثرین کی شرح اموات بدھ کے روز کم ہو کر 3.09 رہی جبکہ منگل کو یہ پیر کی طرح 3.1 فیصد رہی تھی۔ وزارت صحت کی جانب سے بدھ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق 5611 نئے کیسزآنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 101139 تک پہنچ گئی ہے۔اس سے ایک دن پہلے 4970 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔
ملک میں اس وائرس سے 140 اور لوگوں کی موت ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 3303 ہو گئی۔انفیکشن کے بڑھتے معاملات کے باوجود ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3124 لوگ صحتیاب ہوئے ہیں جس کے ساتھ ہی یہ تعداد 42298 ہو گئی ہے۔کورونا سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے۔ مہاراشٹر میں کل متاثرین کی تعداد 37136 ہو گئی ہے اور کل 1325 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 9639 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں ملک کا مغربی ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے یہاں متاثرین کی تعداد 12539 ہو گئی ہے اور اس کے انفیکشن سے 749 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 5219 لوگ اس بیماری سےصحتیاب ہوئے ہیں۔
جنوبی ریاست تمل ناڈو تیسرے نمبر پر ہے اور یہاں اب تک 12448 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں اور 84 اموات ہوئی جبکہ 4895 لوگوں کو علاج کے بعد مختلف ہسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی کی بھی پوزیشن اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ دہلی میں اب تک 11088 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد 176 ہے اور 5192 لوگوں کے علاج کے بعد ہسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
راجستھان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہاں متاثرین کی تعداد 5845 ہو گئی ہے اور 143 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 3337 لوگ مکمل طور ٹھیک ہوئے ہیں۔
ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 4926 لوگ اس کی زد میں آئے ہیں اور اس کے انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 123 ہو گئی ہے، 2918 لوگ اب تک اس بیماری سے صحتیاب ہوئے ہیں۔مغربی بنگال میں 2961 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 250 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور اب تک 1074 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں اب تک کورونا وائرس سے 1634 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست میں جہاں کورونا وائرس سے 38 لوگوں کی جان گئی ہے، ریاست میں 1010 لوگ اب تک صحت مند ہوئے ہیں۔
پنجاب میں كووڈ -19 انفیکشن کے اب تک کل مریضوں کی تعداد آج 2000 سے زائد ہوگئی۔
پنجاب حکومت کے آج شام یہاں جاری بلیٹن کے مطابق 38 افراد کی اب تک اس انفیکشن سے موت ہو چکی ہے اور 1794 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔
جنوبی ہند کی ریاست آندھرا پردیش میں 2532 اور کرناٹک میں 1397 لوگ متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بالترتیب 52 اور 40 ہو گئی ہے۔ مرکز کے زیر انتظام صوبہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1317 ہو گئی ہے اور 17 اموات ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب میں 38، ہریانہ میں 14، بہار میں 9، کیرالہ اور آسام میں چار، چار، اڈیشہ میں پانچ، جھارکھنڈ، چنڈی گڑھ اور ہماچل پردیش میں تین تین، میگھالیہ، پڈوچیری اور اتراکھنڈ میں ایک ایک شخص کی اس وبا سے موت ہوئی ہے۔