مرکزی حج کمیٹی کی فوری تشکیلِ نو کا مطالبہ؛ ماہ جون میں ختم ہو رہی ہے میعاد

hajممبئی: 30 مئی (یو این آئی) مرکزی حج کمیٹی کی فوری تشکیلِ نو کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست مہاراشٹرا حج کمیٹی کے صدر نشین جمال صدیقی نے کہا کہ موجودہ کمیٹی کی میعاد ماہ جون میں ختم ہو رہی ہے، اس لیے حکومت فوری اس ضمن میں ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے مزکزی حج کمیٹی کی جلد از جلد تشکیلِ نو کرے۔

جمال صدیقی نے اس ضمن میں یو این ائی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مزکزی حج کمیٹی کی نشکیلِ نو کیے جانے کی جلد از جلد ضرورت ہے، اور اس سلسلے میں انھوں نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو ایک خط بھی لکھا ہے۔اور تفصیلات سے واقف کرایا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ موجودہ مرکزی حج کمیٹی کی معیاد ایک سال پہلے ہی ختم ہو چکی ہے اور ضابطے کے مطابق حکومت ابتک دو بار اس کمیٹی کی میعاد میں چھ چھ ماہ کی توسیع کر چکی ہے۔ اس لیے فوری طور پر نئی حج کمیٹی کی تشکیل کرنا ضروری ہے۔

جمال صدیقی کے مطابق موجودہ کمیٹی کی، جس کی میعاد ماہ جون میں ختم ہو رہی ، تشکیلِ نو جلدازجلد نہیں کی جاتی ہے تو اس سے کئی مسائل کھڑے ہوں گے۔ اور حج سےمتعلق امور میں کام کاج متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سال رواں حج کے سلسلے میں پہلے ہی غیر یقینی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ لوگ پریشان اور تذبذب کا شکار ہیں کہ وہ اپنا فریضہ حج ادا کرسکیں گے بھی کہ نہیں۔ اس لیے فوری طور پر نئی حج کمیٹی تشکیل دی جانی چایئے۔ تاکہ حج سے متعلق امور کی انجام دیہی میں کوئی ر کاوٹ پیدا نہ ہو۔