ملک کی سلامتی، سیکورٹی اور خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ 3 جولائی کو ہندوستان سے عازمین حج کا پہلا جتھہ روانہ ہو گیا۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباسی نقوی کی موجودگی میں پہلے جتھے کی روانگی دہلی کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ہوئی۔ اس موقع پر دہلی سرکار میں وزیر کیلاش گہلوت اور عمران حسین کے ساتھ ساتھ دہلی حج اسٹیٹ کمیٹی کے نومنتخب صدر عاصم احمد خان سمیت حج کمیٹی آف انڈیا کے بڑے افسران بھی موجود تھے۔ دہلی سے روانہ ہوئی پہلی فلائٹ میں کل 419 عازمین حج موجود تھے اور ان میں اتر پردیش واقع علی گڑھ، آگرہ، میرٹھ، رام پور کے ساتھ ساتھ بلند شہر کے باشندے بڑی تعداد میں تھے۔
Delhi: The first batch of Haj pilgrims was flagged off today by Minority Affairs Minister Mukhtar Abbas Naqvi from Indira Gandhi International Airport. 2 lakh Indian Muslims are going to Haj this year. pic.twitter.com/HnxstB3rUK
— ANI (@ANI) July 3, 2019
ذرائع کے مطابق روانہ پہلے جتھہ میں 202 خواتین شامل تھیں اور سبھی کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی طرف سے پرانی دہلی واقع ترکمان گیٹ کے پاس ٹھہرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس جگہ دہلی کے علاوہ پنجاب، ہریانہ، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے اشخاص بھی ٹھہرتے ہیں۔ اس بار دہلی سے کل 65 فلائٹ سے 23 ہزار افراد حج کے لیے روانہ ہوں گے۔ روزانہ 5 سے 7 فلائٹ حج مسافروں کی دہلی سے پرواز کرے گی۔ دہلی میں 3 جولائی یعنی بدھ کو پہلی فلائٹ روانہ ہوئی اور آخری فلائٹ 17 جولائی کو سعودی عرب کے لیے پرواز کرے گی۔
ملک بھر کے 21 ہوائی اڈوں سے 500 سے زائد فلائٹوں کے ذریعہ ہندوستانی مسلمان اس سال حج پرجائیں گے۔ دہلی ائیر پورٹ سے دہلی کے علاوہ اتر پردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، جموں و کشمیر، پنجاب، چنڈی گڑھ، ہماچل پردیش کے حج مسافر جائیں گے۔ اس کے علاوہ بنگلورو (7 جولائی)، کالی کٹ (7 جولائی)، کوچین (14 جولائی)، گوا (13 جولائی)، سری نگر (21 جولائی) سے عازمین حج روانہ ہوں گے۔
دوسرے مرحلہ میں احمد آباد (20 جولائی)، اورنگ آباد (22 جولائی)، بھوپال (21 جولائی)، چنئی (31 جولائی)، حیدر آباد (26 جولائی)، جے پور (20 جولائی)، کولکاتا (25 جولائی)، لکھنؤ (20 جولائی)، ناگپور (25 جولائی)، رانچی (21 جولائی) اور وارانسی (29 جولائی) کو حج مسافر جانا شروع ہوں گے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
