موغادیشو :صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ممبئی جیسا بڑا دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے۔ موغادیشو کے ہوٹل حیات میں گھس کر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی ہے۔ اس حادثے میں اب تک 12 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی بتائے جارہے ہیں۔ بندوق برداروں نے حیات ہوٹل پر گولیاں برساتے ہوئے دو کاروں کو دھماکے سے اڑا دیا۔ القاعدہ سے منسلک الشباب دہشت گرد تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
موغادیشو کے ایک سکیورٹی اہلکار نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ‘دہشت گرد اب بھی ہوٹل حیات میں داخل ہو رہے ہیں اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ انکاؤنٹر جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی اسپیشل آپریشن ٹیم پہنچ گئی ہے۔ جہادی گروپ کے جنگجوؤں کے ساتھ انکاؤنٹر جاری ہے۔ حیات ہوٹل میں مسلح افراد کے داخل ہونے کے تقریباً ایک منٹ بعد دو کاروں میں بم پھٹ گئے۔