’
ریاستی کانگریس کا شعبہ ماحولیات ’آرے بچاؤ، ماحولیات بچاؤ‘ کے لیے میدان میں
؎ممبئی:ممبئی کا پھیپھڑا کہاجانے والا آرے جنگل مستقبل میں بھی جنگل ہی رہے اور آرے میں تعمیرہونے والا میٹرو کارشیڈ منسوخ کرنے کے لیے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے شعبہ ماحولیات کی جانب سے تھانے میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی رہائش گاہ کے سامنے اتوار 21؍اگست (آج) صبح دس بجے پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ یہ اطلاع مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے شعبہ ماحولیات کے ریاستی صدر سمیر سبھاش ورتک نے دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ممبئی شہر کے مرکز میں واقع آرے جنگل پورے شہر کوآکسیجن فراہم کرتا ہے۔ ممبئی دنیا کا واحد شہر ہے جس کے قلب میں قدرتی جنگل ہے۔ اکتوبر 2019 میں ممبئی میٹرو کے کار شیڈ کے لیے آرے جنگل کا انتخاب کیا گیا تھا۔ 4 اکتوبر 2019 کو ماہرین ماحولیات کے احتجاج کے باوجود رات کے اندھیرے میں ہزاروں درختوں کو ظالمانہ طریقے سے کاٹ دیا گیا اور درخت بچانے کے لیے احتجاج کرنے والوں کو جیل بھیج دیا گیا۔ اس تحریک کی نوٹس بین الاقوامی سطح پر بھی لی گئی۔ اس وقت ایکناتھ شندے ایم وی اے حکومت میں شہری ترقی کے وزیر تھے اور اس وقت کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کار شیڈ کی جگہ بدل کر آرے کو جنگل قرار دیا تھا۔ لیکن جیسے ہی ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ بنے، انہوں نے اعلان کیا کہ آرے جنگل میں میٹرو کار شیڈ کی جگہ کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ اس اعلان کی وجہ سے ممبئی اور مہاراشٹر کے تمام لوگ نیز ماحولیات سے محبت کرنے والے سخت پریشان ہیں۔مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے کی قیادت میں اس آمرانہ فیصلے کے خلاف اورآرے جنگل کو بچانے کے لیے اتوار کو احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ سمیر ورتک نے تمام ماحولیات دوستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’آرے بچاؤ ماحولیات بچاؤ‘ تحریک میں حصہ لیں اور آرے کے جنگل کو بچانے میں اپنی حصہ داری نبھائیں۔