نئی دہلی، 11 فروری (یو این آئی) لوک سبھا میں آبادی پر قابو پانے کے لیے جمعہ کو سب کے لیے یکساں قانون بنانے کا مسئلہ اٹھا اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پارلیمنٹ سے جلد ہی دو بچوں کا قانون بنانے کی درخواست کی گئی۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ادے پرتاپ سنگھ نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے بحران پیدا کر رہی ہے اور ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں گھر بن رہے ہیں لیکن مکمل نہیں ہو رہے، فور لین سڑکیں بناتے ہیں تو جلد ہی چھ لین کی ضرورت پڑنے لگتی ہے۔ ہوائی اڈے تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، نئی نئی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں لیکن آبادی کا دباؤ ہر ایک کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں وہ بڑی آبادی کے دباؤ میں کم پڑ رہی ہیں۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ آج 135 کروڑ کی آبادی کو سنبھالا نہیں جا رہا ہے اور اگر یہ رفتار اسی طرح رہی تو اگلے 30,35 سال تک ملک کی آبادی 170, 180 کروڑ تک پہنچ گئی تو حالات خوفناک ہوجائیں گے، اس لیے وقت پر قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ملک میں آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے تمام مذاہب کے لیے یکساں قانون پارلیمنٹ کوبنانا چاہیے اور دو بچوں کا قانون تمام شہریوں پرملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے لاگو کرنا چاہیے۔