
جونپور:(ایجنسیز)اتر پردیش کے جون پور سے شوہر کے ذریعہ ایک خاتون کو بیچے جانے کی خبر آرہی ہے۔ شوہر پر الزام ہے کہ اس نے جوئے میں پیسہ ختم ہوجانے کے بعد اپنی بیوی کو ہی داو پر لگادیا۔ اس کے بعد شوہر کے دوستوں نے خاتون کی اجتماعی آبروریزی کی۔ خاتون کی شکایت پر جب پولیس نے کیس درج نہیں کیا ، تو متاثرہ نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ، جس کے بعد اس معاملہ میں اب کارروائی ہوئی ہے۔عدالت نے پہلی نظر میں معاملہ کو سنگین مانتے ہوئے پولیس کو اجتماعی آبروریزی کا کیس درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ پولیس کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ ایف آئی آر درج کرکے اس کی کاپی عدالت میں پیش کی جائے۔یہ پورا معاملہ جعفر آباد تھانہ کا ہے۔ متاثرہ خاتون کے شوہر کو جوئے کی لت تھی۔ ایک دن دوستوں کے ساتھ جوا کھیلتے ہوئے اس کے پاس پیسے ختم ہوگئے تو اس نے اپنی بیوی کو ہی داو پر لگادیا۔ داو پر لگانے کے بعد شوہر کے دوستوں نے خاتون کی اجتماعی آبروریزی کی۔خاتون نے اس واقعہ کی شکایت جب پولیس سے کی تو انہوں نے کیس درج کرنے سے انکار کردیا ، جس کے بعد خاتون مائیکے رہنے کیلئے چلی گئی۔ اب عدالت کی ہدایت پر خاتون کو انصاف ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔(بہ شکریہ نیوز18اردو)