شمالی غزہ کے علاقے میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ فوجی حماس کے خلاف زمین پر ہونے والی جنگ کے دوران منگل کے روز اپنے انجام کو پہنچے ہیں۔ اس بارے میں اسرائیلی فوج نے ایک باضابطہ بیان بھی جاری کیا ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک اور اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہے۔
اسرائیل نے پچھلے تقریباً ایک ماہ سے غزہ کے شمالی حصوں میں بدترین جنگی سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ جس کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے قتل کیا ہے اور بےشمار مقامات پر بمباری کی ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسے اس علاقے میں حماس کے عسکریت پسندوں کی طرف سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسی علاقے میں اسرائیلی فوج نے دو روز قبل کمال عدوان ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کے سوا پورے عملے کو حراست میں لے لیا۔ جس سے فلسطینی زخمیوں کی علاج کی بچی کچھی سہولت بھی ختم ہو کر رہ گئی ہے۔
منگل کے روز ہلاک ہونے والے فوجیوں میں کیپٹن یہوناتھن (جونی) کول ، سٹاف سارجنٹ اویو گیلبوا ، سٹاف سارجنٹ نسیم میٹل اور سٹاف سارجنٹ نور ہہیموف شامل ہیں۔ جبکہ ایک اور افسر شدید زخمی ہے۔ اسرائیلی فوج نے اس بارے میں ایک باضابطہ بیان بھی جاری کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے زخمی افسر کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔